لینڈ سلائیڈنگ ، کوہستان میں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 25 ہوگئی

بدھ 6 اپریل 2016 11:40

کوہستان /مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 اپریل۔2016ء) لینڈ سلائیڈنگ ، کوہستان میں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 25 ہوگئی۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم ساتویں روز بھی بند ، گلگت بلتستان کا زمینی رابطہ منقطع ہے ، غذائی قلت پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ، مظفر آباد کے نواحی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ نے سو سے زائد گھر ملیامیٹ کر دئیے۔

کوہستان میں ملبے تلے دبے پچیس افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔ قیامت خیز بارش کے سلسلے ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے گلگت بلتستان ، کشمیر اور خیبرپختونخوا میں تباہی اور بربادی مچا دی۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم ساتویں روز بھی بند ہے۔ گلگت بلتستان کا زمینی رابطہ منقطع جس کے باعث غذائی قلت پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔

(جاری ہے)

شانگلہ کے قریب کارشٹ کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی درخت گرگئے۔

لوگوں کی نقل مکانی بھی جاری ہے۔ کوہستان کے علاقے کندیا میں گھروں پر تودہ گرنے سے پچیس افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی جن میں تیرہ خواتین بھی شامل ہیں۔ لاشیں نکالنے کا کام جاری ہے۔ ادھر مظفر آباد کے نواحی علاقے ڈنہ کے میں پہاڑ سرکنے سے 100 سے زائد گھر ملیامیٹ ہوگئے۔ متاثرین بے گھر ہو کر کسمپرسی کے عالم میں ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تو جاری ہیں تاہم لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہونے کے باعث ٹیموں کو دور دراز مقامات تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔