تجاوزات مافیا اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کاروائی،51 افراد جیل منتقل

منگل 5 اپریل 2016 22:51

پشاور ۔ 05 اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء ) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز عبدالنبی اور سہیل عزیز نے فقیر آباد، دلہ زاک روڈ، پشتخرہ اور باڑہ گیٹ میں کاروائی کرتے ہوئے ناجائز تجاوزات اور گران فروشی پر 51افراد کو جیل منتقل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض خان محسودکی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرعبدالنبی نے فقیر آباد اور دلہ زاک روڈ پر ناجائز تجاوزات اور گران فروشوں کے خلاف آپریشن شروع کیا۔

اس موقع پر تمام نانبائیوں اور دودھ فروشوں کے وزن اور مقدار کو چیک کیا گیا۔متعدد نانبائیوں کی روٹیوں کا وزن سرکاری مقرروزن سے کم تھا جبکہ اکثر دودھ فروشوں کے دودھ ناپنے کے آلات میں فرق تھا۔ اور ان کی مقدار کم تھی۔ جس پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عبدالنبی نے برہمی کا اظہار کیا اور کم وزن اور مقدار والے دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے آپریشن میں 40 گران فروشوں اور تجاوزات مافیا کو جیل منتقل کر دیا۔

جبکہ ایک دوسری کاروائی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سہیل عزیز نے پشتخرہ اور باڑہ گیٹ تا رنگ روڈ گران فروشوں اور تجاوزات مافیا کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 11 افراد کو جیل منتقل کر دیا۔ ان افراد میں تجاوزات مافیا ، نانبائی ، دودھ فروش، جنرل سٹور شامل ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق ان افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :