ایف بی آر نے موجودہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران بہتر پالیسیوں کے باعث 19 فیصد ریونیو گروتھ کا ہدف حاصل کیا ہے،ایف بی آر کو 10 لاکھ ٹیکس ریٹرنز کے حصول میں کامیابی ملی ، تین سال قبل ٹیکس ریٹرنز کی تعداد 7 لاکھ 50 ہزار تھی، یہ کامیابیاں متعدد انتظامی اور ریونیو اقدامات کے باعث ملی ہیں

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نثار محمد خان کی دسویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے گفتگو

منگل 5 اپریل 2016 21:41

اسلام آباد ۔ 5 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نثار محمد خان نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے موجودہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران بہتر پالیسیوں کے باعث 19 فیصد ریونیو گروتھ کا ہدف حاصل کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو ایف بی آر ہاؤس کے دورہ کے موقع پر دسویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سال ریونیو گروتھ ہدف کے مطابق رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ٹیکس کے دائرہ کو وسعت دینے اور محصولات میں اضافے کے لئے انتہائی موزوں رہا ہے۔ ایف بی آر کو 10 لاکھ ٹیکس ریٹرنز کے حصول میں کامیابی ملی جبکہ تین سال قبل ٹیکس ریٹرنز کی تعداد 7 لاکھ 50 ہزار تھی۔ تمام کامیابیاں متعدد انتظامی اور ریونیو اقدامات کے باعث ملی ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد موبائل فونز کے استعمال اور گھریلو اشیاء کی خریداری سمیت مختلف مدوں میں ٹیکسز ادا کر رہی ہیں لیکن ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو کماتے تو زیادہ ہیں لیکن اپنی کمائی کے مطابق ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ ہم ایسے لوگوں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کے لئے کوشاں ہیں۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم تاجروں کے مطالبہ پر شروع کی گئی۔ اس سکیم کے تحت ہم 8 ہزار ٹیکس ریٹرنز کے حصول میں کامیاب ہوئے جبکہ گزشتہ سات ماہ کے دوران بینکوں سے ٹرانزیکشنز کے ذریعے ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں تقریباً 15 ارب روپے کے ٹیکس وصول کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :