محکمہ خوراک ہزارہ نے ماہ مارچ میں دکانداروں پر 7 لاکھ 63 ہزار 800 روپے جرمانہ عائد کئے

منگل 5 اپریل 2016 21:41

ایبٹ آباد۔ 5 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء) محکمہ خوراک ہزارہ ڈویژن نے مارچ 2016ء میں دکانداروں پر مبلغ 7 لاکھ 63 ہزار 800 روپے جرمانہ عائد کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کر دیا۔ محکمہ خوراک ہزارہ ڈویژن نے مارچ 2016ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ صوبائی وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی کی ہدایت پر ڈویژنل ڈائریکٹر فوڈ ہزارہ ڈویژن امتیاز محمد خان کی نگرانی میں محکمہ خوراک ہزارہ ڈویژن کی گراں فروشوں اور ملاوٹ کے مرتکب افراد کے خلا ف مہم بدستور جاری ہے، گذشتہ ماہ مارچ 2016ء میں دوران چیکنگ 244 دکانداروں پر مبلغ 7 لاکھ 63 ہزار 800 روپے جرمانہ عائد کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کرا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماہ مارچ 2016ء میں ضلع ایبٹ آباد میں 314 دکانیں چیک کی گئیں جن سے 83 دکاندار قصور وار پائے گئے جس سے 3,04,000 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔

(جاری ہے)

ضلع مانسہرہ میں 206 دکانداروں کو چیک کیا گیا جن سے39 افراد مرتکب پائے گئے اور ان پر 192000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ضلع ہری پور میں مہم کے نتیجہ میں 175 دکانیں چیک ہوئی اور38 دکاندار مرتکب جرم پائے گئے جن سے 204500 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔

اس تسلسل میں ضلع بٹگرام، کوہستان اور ضلع تورغر میں گذشتہ ماہ کے دوران چیکنگ میں 224 دکانیں چیک کی گئی جس سے 53 دکا نداروں پر 63300 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اس طرح ملاوٹ کے خلاف جاری خصوصی مہم میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور اور بٹگرا م میں ماہ مارچ 2016ء میں اشیاء خوردنی کے 122 نمونے لیبارٹری بھیجے گئے جس سے 24 اشیاء کے نتائج ناقص ہیں، 182 اشیاء خوردنی کے نتائج آنے کے بعد قصوروار افراد کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :