ہائیکورٹ نے بچے کی ولدیت کے لیے ڈی این اے کروانے کی درخواست مسترد کر دی ،باپ کو 50 ہزار روپے جرمانہ

منگل 5 اپریل 2016 20:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء)لاہور ہائیکورٹ نے بچے کی ولدیت کے لیے ڈی این اے کروانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ڈی این اے کروانیوالے باپ کو 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔گزشتہ روز جسٹس علی اکبر قریشی نے درخواست گزار زوہیب کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست میں ولدیت جاننے کیلئے ڈی این اے کروانے کی استدعا کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار زوہیب نے بچے کو اپنا تسلیم کرنے کے بعد ماتحت عدالت میں زیر سماعت خرچے کے کیس کو التواء کا شکار کرنے کے لیے ایسی درخواست دے دی۔عدالت نے افسوس کا اظہار کیا کہ درخواست گزار زوہیب نے بغیر سوچے سمجھے آسانی سے اپنی ہی سابق بیوی کے خلاف درخواست دی اور درخواست گزار نے یہ بھی نہ سوچا کہ اسکا بیٹا اس الزام کے ساتھ معاشرے میں کیسے رہے گا۔ عدالت نے درخواست مسترد کردی اور ڈی این اے کروانے والے باپ کو 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔