پاک چین دوستی دنیا کیلئے لازوال مثال ہے، سردار ایاز صادق

دونوں دوست ممالک کے مابین مضبوط اتحاد علاقائی ،عالمی چیلنجز سے نبرد آما ہونے کیلئے ناگزیر ہے، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا وفد کیساتھ ملاقات میں گفتگو

منگل 5 اپریل 2016 20:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ پاک چین دوستی پوری دنیا کیلئے لازوال مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دوست ممالک میں تعلقات مشترکہ تاریخی، معروضی ، معاشی اور اسٹراٹیجک بنیادوں پر استوار ہیں جو ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کمیونسٹ پارٹی آف چائناکی مرکزی کمیٹی برائے سیاسی بیورو کے رکن او ر CPC Xinjiang Uygur Autnomous Regionکے پارٹی سیکرٹریMr. Zhang Chunxianکے ساتھ گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے آج ان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

پاکستان میں تعینات چین کے سفیر Mr. Sun Weidongبھی ملاقات میں موجود تھے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے پاک چین تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مثالی تعاون کے دور میں داخل ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کے مابین مضبوط اتحاد علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نبرد آما ہونے کے لئے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر آزمائش پر پورا اترنے والے دوست ملک چین نے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی ہمیشہ حمایت کی ہے اور دونوں ممالک علاقائی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔

پاک چین اقتصادی راہداری کا حوالہ دیتے ہوئے سپیکر کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نا صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔سردارایاز صادق نے پاکستان کے اراکین پارلیمان کی جانب سے پاکستان کی پارلیمنٹ کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر تعاون فراہم کرنے پر چینی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان میں توانائی کی قلت کے خاتمے کے لئے پاکستان اور چین کی طرف سے مشترکہ طور پر شروع کئے گئے منصوبوں کو بھی سراہا۔CPC کی مرکزی کمیٹی برائے سیاسی بیورو کے رکنMr. Zhang Chunxianنے کہا ہے کہ چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو انتہائی اہمیت کا حامل ملک سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کی قیادت موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پر عزم ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک خطے کو درپیش چیلنجز سے مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ کاوشوں اور تعاون کو جاری رکھیں گے۔Mr. Zhang Chunxianنے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ معاشی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کو ٹیکنالوجی، مواصلات و انفراسٹرکچر اور توانائی کے متبادل ذرائع کی تلاش میں تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی ہمیشہ ہر آزمائش پر پورا اترے گی۔

متعلقہ عنوان :