امریکی پویلین کے ذریعہ پچاس سالہ پاک امریکی زرعی تعاون کی نمائش

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 5 اپریل 2016 20:13

امریکی پویلین کے ذریعہ پچاس سالہ پاک امریکی زرعی تعاون کی نمائش

لاہور(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05اپریل۔2016ء)ریاست ہائے متحدہ امریکہ نے پاکستان کے زرعی شعبے میں پائیدار اعانت کو اجاگر کرنے کے لیے لاہور میں منعقدہونے والی پانچویں سالانہ ڈان فوڈ اینڈ ایگری نمائش میں اپنا ایک پویلین قائم کیا ہے۔ اس نمائش کا مقصد زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، منڈی تک بہتر رسائی اور فصلوں کی پیداوار میں اضافے کی کوششوں کو نمایاں کرنا ہے۔

نمائش میں امریکی پویلین میں زرعی شعبے میں امریکی ادارے برائے بین الا قوامی ترقی (یو ایس ایڈ) اور امریکی محکمہ زراعت کی اعانت سے چلنے والے منصوبوں کے متعلق بتایا گیا ہے۔ ان منصوبوں کے ذریعے کاشتکاری میں جدید طورطریقوں ، برآمدات میں بہتری ، نہری نظام کی تعمیر اور پانی کے بہتر انتظام کے طریقوں کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ نے کسانوں کی آمدن میں اضافہ اور کروڑوں پاکستانیوں تک غذائیت سے بھر پور خوراک کی رسائی بہتر بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ اشتراک ِکار ایک عرصہ سے برقرار رکھا ہے۔

ریاست ہائے متحدہ امریکہ معاشی ترقی اور زراعت میں اعانت کے سلسلہ میں2006 سے اب تک حکومت ِپاکستان اور نجی شعبے کے اشتراک سے اعشاریہ55ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران میں یو ایس ایڈ کے منصوبوں کی مدد سے پاکستانی برآمدات میں 95ملین ڈالر ، تجارت میں351ملین ڈالر اور نئی سرمایہ کاری کی مد میں61ملین ڈالر کا اضافہ ممکن ہوا ہے۔ امریکی اعانت سے چلنے والے منصوبوں کے ذریعے 9 لاکھ 10 ہزار سے زیادہ کاشتکار خاندان اپنی آمدنی میں اضافے کے قابل ہوئے ہیں جبکہ 54 ہزارسے زیادہ افراد ڈیری شعبہ میں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

امریکی پویلین کے ذریعہ پچاس سالہ پاک امریکی زرعی تعاون کی نمائش