پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان

کے ایس ای 100 انڈیکس 41.93 پوائنٹس کی کمی سے 33766.49 پوائنٹس پر بند

منگل 5 اپریل 2016 19:20

کراچی ۔ 5 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مندی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 41.93 پوائنٹس کی کمی سے 33766.49 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی خرید و فروخت میں مندی کا رجحان رہا اور کاروباری ہفتہ کے دوسرے روز منگل کو کے ایس ای 100 انڈیکس 41.93 پوائنٹس کی کمی سے 33766.49 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 60.39 پوائنٹس کی مندی سے 19545.74 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مزیدبرآں کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 25.67 پوائنٹس کی کمی رونماء ہوئی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 17.61 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس57.11 پوائنٹس کی کمی سے 14247.84 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 162.30 پوائنٹس کی مندی سے 12067 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

آل شیئر اسلامک انڈیکس 4.88 پوائنٹس کی کمی سے 16005.87 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 380 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 152 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 199 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 29 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی رفحان میز پراڈکٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 385 روپے کے اضافے سے 8085 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح نیسلے پاکستان کے حصص کی سودے بھی 261 روپے کی تیزی سے 7600 روپے پر بند ہوئے۔

سب سے زیادہ مندی پیلپس مورس پاکستان اور سیمینز پاکستان کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ پیلپس مورس پاکستان کے حصص کی قیمت 83.33 روپے کی مندی سے 1700 روپے اور سیمینز پاکستان کے حصص کی قیمت بھی 37.77 روپے کی کمی سے 762.23 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبار کے الیکٹرک لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 3 کروڑ 45 لاکھ 2 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 7.26 روپے سے شروع ہو کر 7.44 روپے پر بند ہوئی جبکہ ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ کے 2 کروڑ 20 لاکھ 53 ہزار 500 حصص کے سودے 31.89 روپے سے شروع ہو کر 31.95 روپے بند ہوئے۔

مجموعی طور پر 32 کروڑ 76 لاکھ 24 ہزار 980 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 13 ارب 64 کروڑ 67 لاکھ 56 ہزار 492 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 70 کھرب 12 ارب 60 کروڑ 76 لاکھ 98 ہزار 997 روپے سے کم ہو کر 70 کھرب 5 ارب 38 کروڑ 84 لاکھ 55 ہزار 687 روپے رہ گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 129 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی اور 24 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی رہی جبکہ 5 کروڑ 26 لاکھ 49 ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔

متعلقہ عنوان :