نئی اورمالی طورپر کمزورتحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے لئے آئندہ مالی سال میں800 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ مختص کی جائے گی تاکہ بلدیاتی اداروں کو مزید فعال اورمستحکم کیاجاسکے

سینئر صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اﷲ کا اجلاس سے خطاب

منگل 5 اپریل 2016 18:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 اپریل۔2016ء ) خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اﷲ نے کہا ہے کہ نئی اورمالی طورپر کمزورتحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم ایز) کے لئے آئندہ مالی سال میں تقریباً800 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ مختص کی جائے گی تاکہ بلدیاتی اداروں کو مزید فعال اورمستحکم کیاجاسکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نئی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم ایز) کے مسائل کے حل کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

جس میں سیکرٹری بلدیات ،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ ظفر علی شاہ،ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ ،ڈی جی لوکل گورنمنٹ کے علاوہ اپردیر وبونیر اضلاع کے ناظمین اوردیگر اضلاع کے نئے ٹی ایم ایز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دفتری اخراجات اورفنڈز ،سٹاف کی بھرتیوں ،صفائی کے لئے جدید مشینری وڈیمپنگ گراونڈ کی فراہمی کے علاوہ مقامی حکومتوں کومزید فعال بنانے کے لئے سفارشات اورضروری ہدایات جاری کی گئی۔

سینئر وزیر نے ضلعی افسران کو سرکاری اجلاسوں میں اپنی حاضری اورسرکاری احکامات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ غیر حاضرافسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی بلدیاتی نظام کو متعارف کردیاگیا ہے تاکہ صوبے کی ترقی اورعوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس لئے مسائل حل کرنے میں واضح بہتری نظرآئے اورصوبے میں حقیقی معنوں میں تعمیر وترقی کا نیادور شروع ہو۔

متعلقہ عنوان :