صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کااجلاس، ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کیلئے2 ارب روپے سے زائد کی منظوری

منگل 5 اپریل 2016 17:40

لاہور۔5 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء )حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2015-16 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے33 ویں اجلاس میں مختلف ڈویلپمنٹ سیکٹر کی کل 3ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر2 ارب 30کروڑ 19 لاکھ 32ہزار روپے کی منظوری دی ۔ صوبائی ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس کی صدارت چیئر مین پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ پنجا ب محمدجہانزیب خان نے کی۔

(جاری ہے)

صوبائی ورکنگ پارٹی کے33 ویں اجلاس میں جن 3ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دی گئی ان میں ہیلتھ سیکٹر کی سکیم رورل ہیلتھ سنٹر کاہنہ نو کو اپ گریڈ کر کے 60بستروں پر مشتمل تحصیل کی سطح پر ہسپتال میں تبدیل کرنے کیلئے 48 کروڑ 57 لاکھ 40 ہزار روپے، صوبہ پنجاب میں ہیپا ٹائٹس بی اینڈ سی کی روک تھام اور کنٹرول پروگرام کیلئے 1 ارب 47 کروڑ 63 لاکھ 8 ہزار روپے اور پبلک بلڈنگ سیکٹر کی سکیم ضلع راولپنڈی میں ریجنل آفس کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی تعمیر کیلئے 33 کروڑ 98 لاکھ 84 ہزار روپے شامل ہیں۔