کراچی ،آرام باغ تھانے کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بے تحاشہ اضافہ

منگل 5 اپریل 2016 16:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) پولیس کی ناقص کارکردگی کے باعث آرام باغ تھانے کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے ۔شہری روزانہ کی بنیاد پر اپنے قیمتی موبائل فونز اور نقدی سے محروم ہورہے ہیں ۔فیول نہ ہونے کے باعث پولیس پٹرولنگ کرنے سے قاصر ہے جبکہ سرکاری پٹرول تھانہ ایس ایچ او اپنی ذاتی گاڑی کے لیے استعمال کررہے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق آرام باغ تھانے کی حدود اسٹریٹ کرمنلز کے لیے جنت بن گئی ہے ۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران علاقے میں موبائل فون اور نقدی چھیننے کی متعددوارداتیں ہوئی ہیں لیکن پولیس تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق تھانہ آرام باغ کے پاس4موبائل گاڑیاں موجود ہیں جن میں سے ایک خراب جبکہ تین روٹین کی پٹرولنگ کرتی ہیں لیکن سرکاری فیول کا کارڈ ایس ایچ او آرام باغ کی جانب سے اپنی ذاتی استعمال میں لائے جانے کے باعث یہ سرکاری موبائلز علاقے میں پٹرولنگ کرنے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر بآسانی اپنی کارروائیاں کرنے میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈکیتی کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔جب تھانے میں رابطہ کیا جاتا ہے تو ایس ایچ او آرام باغ غفار کورائی تسلی دیتے ہیں کہ پولیس گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے لیکن علاقے میں شادر و نادر ہی کوئی پولیس موبائل دیکھنے میں آتی ہے ۔شہریوں نے بتایا کہ برنس روڈ ،آرام باغ فرنیچر مارکیٹ ،ایس ایم کالج اور مدینہ مارکیٹ جرائم پیشہ عناصر کے من پسند مقامات ہیں جہاں درجنوں شہری اپنے قیمتی سامان سے محروم ہوچکے ہیں ۔

اہل علاقہ نے بتایا کہ برنس روڈ کی فوڈ اسٹریٹ واحد جگہ ہے جہاں پر پولیس موبائل دیکھنے میں آتی ہے لیکن اس میں موجود پولیس اہلکار فوڈ اسٹریٹ پر کھانا کھانے میں مصروف ہوتے ہیں اور ڈاکو وارداتیں کرکے فرار ہوجاتے ہیں ۔گزشتہ ہفتہ ایک گھنٹے میں 7وارداتیں ہوئیں لیکن پولیس خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں مغرب کے بعد گھر سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے اور شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ سندھ ،صوبائی وزیر داخلہ ،آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ صورت حال کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :