وزیراعظم نوازشریف کواپنے خاندان کے نام آف شورکمپنیوں کی وضاحت کرنی چاہئے‘ میاں مقصود احمد

منگل 5 اپریل 2016 16:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ پانامہ لیکس کے انکشافات تشویش ناک ہیں،دیگر ممالک میں کرپشن زدہ عناصر کے خلاف کاروائی ہوسکتی ہے توپاکستان میں کیوں نہیں؟،حکمرانوں کے گمنام اکاؤنٹس اور عزیزوں کے ناموں پر بیرون ملک قائم کی جانے والی کمپنیاں لمحہ فکریہ ہے،لوٹی ہوئی دولت واپس ملک میں لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ عوام غربت بھوک وافلاس کاشکار ہیں۔ملک قرضوں میں ڈوبا ہواہے۔معیشت زبوں حالی کاشکار ہے جبکہ حکمران دن بدن امیر سے امیر تر اور ان کے ذاتی کاروبار ایک ملک سے دوسرے ملک تک پھیلتے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس میں شریف خاندان اور جن پاکستانیوں کی آف شور کمپنیوں کے نام آئے ہیں ان کے خلاف نیب کو فوری تحقیقات کاآغاز کرنا چاہئے۔

وزیر اعظم نوازشریف کوبھی اپنے خاندان کے نام آف شورکمپنیوں کے انکشاف پر پوری قوم کے سامنے وضاحت کرنی چاہئے کہ ان کے پاس آخر یہ پیسہ کہاں سے آیا ہے؟اور اس خطیر رقم کو کیسے بیرون ملک منتقل کیا گیا؟۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ملک کابنیادی مسئلہ کرپشن ہے جس سے نجات حاصل کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ کرپشن جس بھی لیول پر کسی نے بھی کی ہواس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔

معاشرے میں کرپشن کے ناسور کی جڑیں مضبوط ہوتی چلی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مستقبل کومحفوظ بنانے کے لئے حکمران خاندان اپنے تمام اثاثے واپس ملک میں لائیں۔غیر قانونی طور پر بنائی جانے والی جائیدادوں کوضبط کیاجائے اور ان سے حاصل ہونے والی رقم 18کروڑ عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کی جانی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :