وزیر مملکت چوہدری عابد شیرعلی کا حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کادورہ

منگل 5 اپریل 2016 16:09

لاہور۔5 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء ) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابد شیرعلی نے منگل کو روز 1230میگاواٹ کے ایل این جی بیسڈ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کادورہ کیا جہاں انہوں نے منصوبہ کی تکمیل کا جائزہ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر دھن پت کوتک سے بریفنگ بھی حاصل کی۔اس موقع پر وزیر مملکت نے پراجیکٹ افسران سے گفتگواور میڈیاسے بات چیت کے دوران کہاکہ حویلی بہادر شاہ پراجیکٹ، جس کا سنگ بنیاد 16اکتوبر 2015 ء کو وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے اپنے دست مبارک سے رکھا تھا، کا 70سے 80فیصد تک گراؤنڈ ورک مکمل ہو چکاہے جس کے باعث مذکورہ منصوبہ اگلے سال اپریل 2017ء میں ابتدائی طور پر 800میگاواٹ بجلی فراہم کرنا شروع کردے گاجبکہ اسی سال منصوبہ کی تکمیل پر 1230میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ سسٹم میں شامل ہو جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن روشن پاکستان کے مطابق پورے ملک کو روشن بنایا جائیگا جبکہ نئے کارخانے لگنے اور انڈسٹری کے فروغ سے بیروزگاری بھی ختم ہوگی۔موسم گرما کے دوران شہروں میں 6، دیہاتوں میں 8گھنٹے جبکہ ماہ رمضان میں سحری و افطاری سمیت دیگر اہم اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے عمل کو یقینی بنایاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ تعمیر کی بجائے انتشار اور فساد کی سیاست کرنے والوں کو بری طرح ناکامی کا منہ دیکھناپڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ پانامالیکس اپوزیشن کا بے بنیاد پراپیگنڈا ہے اور مسلسل ناکامیوں سمیت کوئی دیگر ایشو نہ ملنے پر پانامالیکس کا واویلا کیا جا رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء کے الیکشن میں آئندہ پانچ سال کیلئے بھی عوام کے پاس جائیگی۔انہوں نے کہاکہ دیگر ممالک میں اس قسم کے منصوبے کم از کم 4سے 5سال میں مکمل ہوتے ہیں لیکن ان کی حکومت نے ایسے میگا پراجیکٹس سال ڈیڑھ سال میں مکمل کرکے عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومتی کوششوں سے سرکلر ڈیٹ کو بڑھنے سے روکتے ہوئے لائن لاسز میں بھی خاطر خواہ کمی لائی گئی ہے جبکہ مٹیاری سے لاہور اور پورٹ قاسم سے فیصل آباد تک نئی ٹرانسمیشن لائنیں بچھانے کی منصوبہ بندی مکمل کرنے سمیت داسو ڈیم اور تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے پر بھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے باعث اگلے سال مارچ تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پورٹ قاسم اور ساہیوال کول پاور پلانٹ سمیت توانائی کے حصول کے دیگر منصوبے بروقت مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ آئندہ ایک سال کے دوران 220کے وی گرڈ فیصل آباد اور پیراں غائب بھی بنا دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی صنعتوں کیلئے فی الحال زیرو لوڈشیڈنگ ہے مگر ماہ رمضان میں صنعتوں کیلئے لوڈشیڈنگ کرنا ہو گی تاکہ روزہ داروں و عبادت گزاروں کو ریلیف مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ماہ رمضان کے تقدس کے پیش نظر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کرے گی۔انہوں نے بتایاکہ مارچ2017ء تک سسٹم میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کر کے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا جائیگا۔ موجودہ حکومت عوام کیلئے اقدامات کررہی ہے اور اس کے اثرات بھی مرتب ہوناشروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ حکومت کو مختلف محاذوں پر لڑنا پڑرہاہے ،بجلی کا بحران ملک کی معاشی ، صنعتی ، اقتصادی ، کاروباری ، تجارتی ، برآمدی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ تھاجسے حکومت نے چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور اس کے نتیجہ میں آج صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم سال 2018ء کے الیکشن میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گے اور انہیں امید ہے کہ موجودہ حکومت کے شاندار ، تاریخ ساز و انقلابی اقدامات کے باعث مسلم لیگ (ن) آئندہ پانچ سالوں کیلئے بھی عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیگی۔ اس موقع پر پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی و پاکستانی انجینئرز سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔