امریکی بحریہ نے پاکستان کیلئے 9 اے ایچ ون زیڈ جنگی ہیلی کاپٹر کا کنٹریکٹ امریکی کمپنی کو دیدیا

منگل 5 اپریل 2016 14:41

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) امریکی بحریہ نے بیرون ملک فروخت کے پروگرام کے تحت پاکستان کیلئے 9 اے ایچ ون زیڈ جنگی ہیلی کاپٹر کا کنٹریکٹ امریکی کمپنی بیل ہیلی کاپٹرز کو دیدیا ۔امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ اس کنٹریکٹ کے لیے جاری ہونے والی رقم 17 کروڑ ایک لاکھ 73 ہزار 188 ڈالرز (17 ارب 81 کروڑ 28 لاکھ 79 ہزار روپے) ہے۔

اعلامیے میں یہ بتایا گیاکہ ہیلی کاپٹرز کی تیاری کا کام ستمبر 2018 تک مکمل ہوگابیل اے ایچ ون زیڈ دو انجن والا ہیلی کاپٹر ہے جو اے ایچ ون ڈبلیو سپر کوبرا ہیلی کاپٹرز کی اَپ ڈیٹڈ شکل ہے ‘جسے امریکی میرینز نے اَپ ڈیٹ کرکے موجودہ شکل دی بیل ہیلی کاپٹرز کی ویب سائٹ پر موجود اعداد و شمار کے مطابق یہ 250 میل (400 کلو میٹر) فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ہیلی کاپٹرز کی تیاری کا کام ستمبر 2018 تک مکمل ہوگا ان ہیلی کاپٹرز میں بھاری میزائل لے جانے اور حملے کی صلاحیت بھی موجود ہے اور یہ 426 میل (610 کلو میٹر) کی حدود میں ہدف کو نشانہ بنانا سکتے ہیں۔گزشتہ برس اپریل 2015 میں امریکی محکمہ دفاع نے پاکستان کو ممکنہ طور پر 15 اے ایچ ون زیڈ ہیلی کاپٹرز فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔6 اپریل 2015 کو امریکی محکمہ دفاع نے پاکستان کو مجموعی طور پر 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر (99 ارب 45 کروڑ روپے) کے دفاعی سازو سامان کی فروخت کی منظوری دی تھی جن میں اے ایچ ون زیڈ ہیلی کاپٹرز اور اے جی ایم-114 آر ہیل فائر ٹو میزائل سمیت دیگر ساز وسامان کی فروخت اور تربیت بھی شامل تھی۔

رواں برس کے شروع میں امریکہ نے پاکستان کو آٹھ F-16 جنگی طیاروں کی فروخت کی بھی منظوری دی تھی، ان طیاروں کی مالیت 700 ملین ڈالرز (73 ارب 27 کروڑ 50 لاکھ روپے) تھی۔

متعلقہ عنوان :