لیسکو میں میرٹ کے برعکس ڈرائیورز کی بھرتیوں کے خلاف درخواست پر متعلقہ حکام سے دو ہفتوں میں جواب طلب

منگل 5 اپریل 2016 14:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) لاہور ہائی کورٹ نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )میں میرٹ کے برعکس ڈرائیورز کی بھرتیوں کے خلاف درخواست پر متعلقہ حکام سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے مقامی شہری شمشاد احمد کی درخواست پر سماعت کی جس میں الزام لگایا گیا کہ لیسکو میں میرٹ کے برعکس ڈرائیورز کی بھرتیاں کی جا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق لیسکو میں ڈرائیورز کی بھرتی کے لیے اشتہار دیا گیا جس کے تحت 249ڈرائیورز کی بھرتیاں کی جانی تھیں ۔ درخواست گزار کے مطابق ٹیسٹ اور انٹرویو پاس کرنے والوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور میرٹ کے بجائے سفارش پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں ۔ درخواست گزار نے الزام لگایا کہ حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی بھی بھرتیوں کے عمل میں مداخلت کر رہے ہیں ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ لیسکو حکام کو پابند کیا جائے کہ بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں ۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد متعلقہ حکام سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :