کاشتکار چنے کی فصل کی برادشت15 اپریل تک مکمل کرلیں، محکمہ زراعت

منگل 5 اپریل 2016 14:06

لاہور۔5اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء ) صوبہ بھر کے کاشتکار چنے کی فصل کی برادشت 15 اپریل تک مکمل کریں۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ چنے کی برداشت 90 فیصدٹا ڈ پکنے پر شروع کریں کیونکہ برداشت میں تا خیر سے ٹاڈ جھڑنے سے پیداوار متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ فصل کی برداشت صبح کے وقت کریں تا کہ شبنم کی وجہ سے ٹاڈ نہ جھڑیں ۔

(جاری ہے)

چنے کی جس فصل سے بیج رکھنا مقصود ہو اس کی برداشت سے پہلے اسے غیراقسام اور بیماری سے متاثرہ پودوں سے ضرور صاف کر لیں۔ انہوں نے کہاکہ چنے کی فصل کو سٹورکے کیڑوں سے پاک کرنے کے لئے ڈیلٹا میتھرین زہر 2.5ای سی بحساب ایک لیٹر 100 لیٹر پانی میں ملا کر سٹور کی دیواروں اور چھت پر سپرے کریں۔ سٹور میں سپرے نہ کر نے کی صورت میں چنے کی فصل کو ذخیرہ کرنے سے پہلے ایلومینیم فاسفائیڈ کی 40 تا 50گولیاں فی ہزار مکعب فٹ استعمال کریں اوراس کو فوراً ہوا بند سیل کردیں اور 15 دن تک ہو ابند رکھنے کے بعد کھولیں۔