گندم ذخیرہ کرنے کیلئے نئی بوریاں استعمال کریں، ماہرین

منگل 5 اپریل 2016 14:02

فیصل آباد۔5 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 اپریل۔2016ء )ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گندم کی فصل اچھی طرح پک کر تیار ہونے کے بعد اس کی کٹائی کا عمل مکمل اور اسے نمی سے بچاتے ہوئے ذخیرہ کرنے کیلئے نئی بوریاں استعمال کریں اور اگر نئی بوریاں میسر نہ ہوں توپرانی بوریوں کو میلا تھیان کے دس فیصد محلول میں دھوئیں اور خشک ہونے کے بعد استعمال کریں ۔

(جاری ہے)

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر پرانی بوریوں میں گندم کو بغیر حفاظتی تدابیر اختیار کیے ذخیرہ کیا جائے تو اس بات کا قوی امکان رہتا ہے کہ گندم میں مختلف قسم کے کیڑے مکوڑے اور جوئیں پیدا ہوکراس کوخراب کر دیتی ہیں اور خراب گندم انسانی استعمال کے قابل نہیں رہتی۔ اسی طرح اپنے گھروں اور کھیتوں میں گندم کوذخیرہ کرنے سے قبل کاشتکاروں کو ماہرین کی طرف سے وضع کردہ اصولوں کے مطابق سپرے اور اس امر کی پوری طرح جانچ پڑتال کرکے کہ گودام میں کسی قسم کے کیڑے مکوڑے موجود نہ ہیں ، گندم کی فصل ذخیرہ کرنی چاہیے تاکہ انہیں کسی قسم کے مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔