پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کے 24 ہیڈ کانسٹیبلوں اور 155 کانسٹیبلوں کی نشانہ بازی کی تربیت مکمل ہو گئی

منگل 5 اپریل 2016 13:29

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء)پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کے 24 ہیڈ کانسٹیبلوں اور 155 کانسٹیبلوں کی نشانہ بازی کی تربیت مکمل ہو گئی ہے۔شریف شہید پولیس لائن رجانہ روڈ میں آج ضلع جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی پیٹرولنگ پولیس کے افسران اور ملازمین کی پیشہ وارانہ صلاحیت بڑھانے کے لئے نشانہ بازی کی مشق منعقد کی گئی۔

اس موقع پر ڈی ایس پی پیٹرولنگ جھنگ عالم شیر رجوکہ، ڈی ایس پی پیٹرولنگ فیصل آباد منیر عباس بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی ہائی وے پٹرولنگ عالم شیر رجوکہ نے زیر تربیت اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نشانہ بازی کی ان مشقوں کا مقصد حالیہ دہشت گردی اور دوران پٹرولنگ شرپسند عناصر سے مقابلہ کرنے کے لئے جوانوں کو بہترین تربیت فراہم کرنا ہے۔ڈی ایس پی منیر عباس نے کہا کہ فیصل آباد ریجن کے تمام پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ کے ملازمین کو نشانہ بازی میں مہارت دلانے کے لیے مرحلہ وار تربیت دی جا رہی ہے۔نشانہ بازی کی ان مشقوں کے دوسرے مرحلے میں فیصل آباد کے افسران اور ملازمین کو تربیت دی جائے گی۔