ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 2لاکھ 19ہزاربچوں کوسکول داخل کرانے کی مہم شروع کر دی گئی

روزیراعلیٰ پنجاب کا عزم ہے جب تک بچوں کو فیکٹریوں اور بھٹہ خشت سے نکال کر سکول داخل نہیں کروا لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے‘جنیدانوار چوہدری

منگل 5 اپریل 2016 13:26

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں یونیورسل پرائمری وسیکنڈری ایجوکیشن پروگرام کے تحت 2لاکھ 19ہزاربچوں کوسکول داخل کرانے کی مہم شروع کر دی گئی ۔اس سلسلہ میں گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول جھنگ روڈ میں ممبرقومی اسمبلی جنیدانوارچوہدری اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرعامراعجازاکبرنے محمدمنیب اورمحمدفیضان کانام رجسٹرمیں درج کر کے داخلہ مہم کا باقاعدہ آغاز کیا ۔

اس موقع پرڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرحافظ محمدنجیب،ای ڈی اوایجوکیشن راؤعتیق احمد،ڈی اوپلانگ شاہدرحمن،ڈی اوسیکنڈری محمداکرم،ڈی ای اوزملک الطاف ثاقب ،نجمہ کوثر،ڈی ڈی ای اوززاہدفاروق،راحیلہ جمیل،منیرالحسن، ڈسٹرکٹ ہیڈٹرینگ اینڈ سپورٹس سینٹررافعیہ سلطانہ،ٹی ای ایڈمن صفدرعلی،راشداقبال ،پرنسپل ادارہ میاں محمدشفیق،اساتذہ اورطلبہ کی بڑی تعدادموجودتھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے جنیدانوارچوہدری نے کہاکہ پاکستان کی ترقی اوربقاء کاانحصارتعلیم پرہے اوروزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کاعزم ہے کہ جب تک ہم اپنی نئی نسل کوفیکٹریوں اوربھٹہ خشت سے نکال کرسکول داخل نہیں کروالیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہاکہ آج کے بچے پاکستان کامسقبل ہیں اوران کی بہترین تعلیم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اساتذہ کوبہترین سہولیات اورپیکج دیاجارہاہے اورمیرٹ پرایجوکیٹرزکی بھرتی سے تعلیم کے شعبہ میں بہتری آئی ہے تاہم ہمیں ابھی اس میدان میں طویل سفرطے کرناہے اورملک کی شرح خواندگی سوفی صدتک لے جانی ہے جس کے لئے اساتذہ محنت ،لگن ،ایمانداری اورجذبہ حب الوطنی سے اپنے فرائض انجام دیں۔اس موقع پر ڈی سی او عامراعجازاکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے لئے تعلیم سے بڑھ کر کو ئی تحفہ نہیں اور معاشرہ میں تعلیم سے ہی بہتری آتی ہے۔

انہوں نے اسا تذہ کرام سے کہا کہ داخلہ مہم کے دوران وہ نئے جوش و جذبہ کے علاوہ تعلیم کے فروغ کو عبادت سمجھ کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم کے شعبہ پر بھر پور توجہ دی ہے۔ زیا دہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کر انے اور اعلیٰ تعلیم فراہم کر نے کیلئے اساتذہ اور والدین اپنا کر دار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن کی بدولت ہم والدین اورطلبہ کااعتمادحاصل کرسکتے ہیں۔

قبل ازیں ای ڈی او ایجوکیشن راؤعتیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال داخلہ مہم کے دوران ضلع بھر میں 1لاکھ سے زائد بچے سکولوں میں داخل کرائے گئے اور اس سال یو نیسف کے تعاون سے گھر گھر جا کر سر وے کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سر وے کے ساتھ ساتھ داخلہ مہم جاری رہے گی اس مہم کا پہلا مر حلہ 31مئی 2016ء کو اور دوسرا مر حلہ 31اکتوبر 2016ء کو مکمل ہو گا۔انہوں نے کہاکہ ضلع میں 500بھٹہ مزدوربچوں کاسکولوں میں داخلہ کیاگیاہے اوران کومفت کتب اوریونیفارم فراہم کئے گئے ہیں۔اس موقع پربچوں میں سکول بیگ اوریونیفارم بھی تقسیم کئے گئے جبکہ بچوں نے تعلیم کی اہمیت اورشعوراجاگرکرنے کے سلسلہ میں ٹیبلوزبھی پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :