خاران اور واشک کے غریب عوام کیلئے تین روزہ میڈیکل کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے ،میر عبدالکریم نوشیروانی

پیر 4 اپریل 2016 22:21

خاران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ وہ خاران کے خادم کی حیثیت سے غریب عوام کیلئے جو ممکن ہوااقدام اُٹھائیں گے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ غریب عوام کی خدمت کرکے انہیں سکون ملتا ہے خاران اور واشک کے غریب عوام کیلئے تین روزہ میڈیکل کیمپ ایک خوش آئند اقدام ہے میری تمام سیاسی ، سماجی اور قبائلی عمائدین سے یہ اپیل ہے کہ وہ اس کیمپ میں بلا تفریق تعاون کریں تاکہ خاران اور واشک کے غریب اس سے فائدہ اُٹھا سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاران میں سرجیکل کیمپ میں حصہ لینے والے ڈاکٹروں و اسٹاف ،سیاسی و سماجی رہنماؤں، بلدیاتی نمائندوں اور قبائلی عمائدین اور رضا کاروں کے اعزاز میں اپنی طرف سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میونسپل کمیٹی خاران کے چیئرمین میر نور الدین نوشیروانی ، ابق ضلعی ناظم میر شوکت بلوچ علاقے کے سیاسی و سماجی رہنماؤں کے علاوہ قبائلی عمائدین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ میں خادم خاران ہونے کے ناطے تمام مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے تیمار داروں کو کیمپ لانے لے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ ، رہائش اوردو وقت کا کھانا اور ناشتہ بھی فراہم کروں گا رہائش کی سہولیات مرد و خواتین کیلئے الگ الگ ہونگی انہوں نے کہا کہ اپنے غریب عوام کی خدمت سے مجھے سکون ملتا ہے میں تین روزہ کیمپ کے دوران خود اپنی ٹیم کے ہمراہ مریضوں کی نگرانی کروں گا اور یہیں موجود رہوں گا انہوں خاران کے سیاسی و سماجی رہنماؤں قبائلی عمائدین اور رضا کاروں سے اپیل کی کہ وہ مریضوں کی دیکھ بھال کے سلسلے میں ان کے ساتھ بلا تفریق تعاون کریں اور اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔

واضح رہے کہ خاران میں حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت کی جانب سے تین روزہ سرجری فری میڈیکل کیمپ پانچ اپریل سے سول ہسپتال خاران میں لگایا جارہا ہے کیمپ کا انعقاد بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس محمد نور مسکانزئی کی ذاتی کوششوں اور ہدایت کی روشنی میں ممکن ہوا ہے جبکہ صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت نے کیمپ کے انعقاد کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے ہیں اس تین روزہ کیمپ میں ضلع خاران کے علاوہ ضلع واشک کے ہزاروں مریضوں کا علاج معالجہ اور آپریشن کئے جائیں گے خاران اور واشک کے عوامی حلقوں نے اس تین روزہ کیمپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :