کالام کی مرکزی شاہراہ سمیت ملحقہ سڑکیں بدستور بند

پیر 4 اپریل 2016 22:08

سوات ۔ 04 اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 اپریل۔2016ء ) سوات میں لینڈسلائیڈنگ سے وادی کالام کی مرکزی شاہراہ سمیت بشی گرام ،اتروڑ ،گبرال ،چیل مدین کی سڑکیں بدستور بند ہیں جبکہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہیں ،ضلعی انتظامیہ کی کاکردگی مایوس کن ہے جس کے باعث شہریوں میں شدیدغم وغصہ پا یا جاتا ہے ،ڈپٹی کمشنر سوات کاموبائل نمبر بھی مسلسل بند رہنے سے امدادی کارروائیوں کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آرہی ہے ،سوات میں چار روز تک مسلسل بارشوں کے دوران لینڈسلائیڈنگ اور برفانی تودہ گرنے سے کالام روڈ بدستور بند ہے جس کے باعث کالام ،اتروڈ ،گبرال ،اوشو،مٹلتان ،مانکیال ،لائیکوٹ سمیت دیگر علاقوں کا بحرین سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے جبکہ بجلی اورمواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہے ،اسی طرح شی گرام ،اتروڑ ،گبرال ،چیل مدین کی سڑکیں بدستور بند ہیں اور شہری محصورہوکر رہ گئے ہیں ،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی امدادی اور بحالی کی کارروائیاں شروع نہیں کی گئی ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر سوات کا موبائل نمبر بھی مسلسل بندرہنے سے امدادی کارروائیوں اور نقصانا ت کے حوالے سے بھی صحیح اعداد وشمار سامنے نہیں آرہے ہیں ۔