سی آئی اے پولیس نے موٹر سائیکلیں چوری ،چھیننے کی 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث منظم ریکارڈ یافتہ گروہ کے 12 ملزموں کو گرفتار کر لیا

28 لاکھ 50 ہزار روپے نقد، لاکھوں روپے مالیت کی58 موٹر سائیکلیں، ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل چوری کے آلات برآمد کر لیے ہیں ملزمان چوری شدہ موٹر سائیکلیں بلوچستان اور افغانستان بھجواتے تھے جہاں ملزموں کے دیگر ساتھی یہ موٹر سائیکلیں سادہ لوح شہریوں کو فروخت کر دیتے تھے‘ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا کی دیگر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس

پیر 4 اپریل 2016 22:06

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء ) ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ سی آئی اے پولیس نے موٹر سائیکلیں چھیننے،گھروں کی جالیاں کاٹ کر اور ماسٹر کیز کے ذریعے گھروں، مارکیٹوں ، پلازوں کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری اور چھیننے کی 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث منظم اور ریکارڈ یافتہ گروہ کے 12 ملزموں کو گرفتار کر کے ان سے 28 لاکھ 50 ہزار روپے نقد، لاکھوں روپے مالیت کی58 موٹر سائیکلیں، ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل چوری کے آلات برآمد کر لیے ہیں ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان چوری شدہ موٹر سائیکلیں بلوچستان اور افغانستان بھجواتے تھے جہاں ملزموں کے دیگر ساتھی یہ موٹر سائیکلیں سادہ لوح شہریوں کو فروخت کر دیتے تھے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے سی آئی اے کوتوالی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک بھی موجود تھے ۔ایس ایس پی نے بتایا کہ گروہ کا سرغنہ عمران بٹ سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے جو اس سے قبل موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں متعدد بار جیل جا چکا ہے ۔

ملزمان کی مسلسل وارداتوں نے پولیس اور شہریوں کو پریشان کر رکھا تھا۔جس پر آپریشنز و انویسٹی گیشن اور سی آئی اے کی خصوصی ٹیمیں اس گروہ کی گرفتاری کے لئے کام کر رہیں تھیں ۔ ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کی سربراہی میں سی آئی اے ماڈل ٹاؤن کی پولیس ٹیم نے مختلف مقدمات کے مدعیوں اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں مختلف شہروں میں چھاپے مار کر عمران عرف مانو بٹ گروہ کے 12 ملزموں کوگرفتار کر لیاہے۔

ملزمان اپنے طریقہ واردات میں شہر کے مختلف علاقوں سے زیادہ تر ہنڈا 125 اور 70 سی سی ہنڈا موٹر سائیکلیں چوری کرتے تھے ۔ ملزمان نے ان موٹر سائیکلوں کو چھپانے کے لئے ایک گودام کرایہ پر لے رکھا تھاچوری شدہ اور چھینی موٹر سائیکلیں یا تو اسی گودام میں کھڑی کرتے تھے یا الصبح رینالہ خورد بائی روڈ چلا کر لے جاتے تھے۔گودام میں اکھٹی کی گئی موٹر سائیکلیں ٹرک پر لوڈ کرکے پولیس ناکوں پر چیکنگ سے بچنے کے لئے ٹرک میں لوڈموٹر سائیکلوں پر فروٹ اور کینو رکھ کر چھپا دیتے اور انہیں لورا لائی صوبہ بلوچستا ن اور افغانستان بھجوادیتے تھے جہاں ان کے دیگر ساتھی یہ موٹر سائیکلیں وصول کر کے سستے داموں فروخت کر دیتے تھے علاوہ ازیں ملزمان موٹر سائیکلوں کے انجن او چیسیز نمبر ٹمپر کر کے جعلی کاغذات تیار کر کے شیخو پورہ ، اوکاڑہ اور ننکانہ میں شریف شہریوں کو بھی فروخت کرتے تھے ۔

گرفتار ملزمان میں گروہ کا سرغنہ عمران بٹ ، عثمان بشیر ، عمران شاہ، محمد وقاص ، عمران عرف بٹ، محمد یسین ، یونس ، زاہد خان، محمد تسلیم ، ملک ایاز ، اسد ےٰسین اور امداد حسین شامل ہیں۔ دوران تفتیش ملزموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی 300 سے زائد وارداتوں کااعتراف کیاہے ۔ ملزموں کی نشاندہی پر پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی 58 چوری اور چھینی موٹر سائیکلیں ، 28لاکھ 50 ہزار روپے نقد ، ناجائز اسلحہ ، ماسٹر کیز اور موٹر سائیکل چوری کے لئے استعمال ہونے والے دیگر آلات برآمد کیے ہیں۔

حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ مذکورہ بالا گروہ کی گرفتاری سے شہر میں موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں انشا اﷲ نمایاں کمی آئے گی جبکہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث دیگر گروہوں کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں شب و روز سرگرم عمل ہیں اور انشا اﷲ بہت جلد ہم آپ کو اس حوالے سے خوشخبری دیں گے ۔