کچی آبادیوں اور گوٹھوں کے ووٹرز کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،ممتاز سہتو

پیر 4 اپریل 2016 21:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اپریل۔2016ء)جماعت اسلامی سندھ کے سکریٹری ممتاز سہتو نے کہا ہے کہ کچی آبادیوں اور گوٹھوں کا وطن عزیز کے پس منظر میں اہم کردار ہے اور ان کے ووٹوں کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز کچی آبادیز اینڈ گوٹھ فیڈریشن آف پاکستان کے مرکزی چیئرمین سفیر امن صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر (کاگف) کے چیئرمین نے ممتاز سہتو کو ( کاگف) کی جانب سے کچی آبادیوں کے مسائل کے حل ، کٹ آف ڈیٹ قانون پر عملدرآمد اور سندھ کچی آبادی اتھارٹی میں بد عنوانی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ممتاز سہتو نے کہا کہ کچی آبادیوں اور گوٹھوں کو لینڈ مافیا اور ان کی آلہ کارنوکر شاہی سے نجات دلانا ہر محب وطن شہری کا فرض ہے لہٰذا کچی آبادیوں اور گوٹھوں کے مکینوں کو ان کے حقوق کیلئے جاری جدوجہدمیں جماعت اسلامی ہر ممکن ساتھ دے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کی جانب سے کچی آبادیوں کے ووٹوں کو غیر قانونی کہنے پر مذمت کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزیر اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز کی کچی آبادیوں کے کڑوروں مکینوں سے معذرت کریں انہوں نے کہا کہ جن محب وطن لوگوں کے ووٹوں سے کامیاب ہوکریہ لوگ ایوانوں میں پہنچتے انہی کے ووٹوں کو غیر قانونی کہہ کریہ خود بھی غیر قانونی ہوجاتے ہیں جو الیکشن کمیشن کے لئے لمحہ فکریہ انہوں نے کہا حکومت سندھ کا فرض ہے کہ وہ سندھ کچی آبادی اتھارٹی کو بدعنوان اہلکاروں اور لینڈمافیا سے نجات دلائے،دریں اثناء کچی آبادیوں اور گوٹھوں کے کٹ آف ڈیٹ قانون پر عملدرآمد ، سندھ کچی آبادی اتھارٹی میں بدعنوان لینڈمافیا کے آلہ کار اہلکاروں کے خلاف کاروائی اور سندھ بھر میں زمینوں کی بندر بانٹ کے حوالے سے (کاگف) کی جانب سے 20اپریل کو منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے لئے (کاگف) کے رہنماؤں نے سیاسی و سماجی رابطے شروع کردیئے ہیں۔