لاہور ہائیکورٹ ،متوقع مئیر لاہور اورلیگی رہنما خواجہ احمد حسان کو سرکاری اجلاسوں کی صدارت سے روکنے کی درخواست پر فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب

پیر 4 اپریل 2016 20:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 اپریل۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے متوقع مئیر لاہور اورلیگی رہنما خواجہ احمد حسان کو سرکاری اجلاسوں کی صدارت سے روکنے کی درخواست پر فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزارزبیر خان نیازی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ خواجہ احمد حسان یونین کونسل 107سے بلا مقابلہ چئیرمین منتخب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ اورلوکل گونمنٹ ایکٹ کے تحت خواجہ احمد حسان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چئیرمین ہونے کی حیثیت سے دو سال تک عوامی عہدہ رکھنے کے اہل نہیں اس کے باوجود خواجہ احمد حسان غیر قانونی طور پرسرکاری اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں۔خواجہ احمد حسان کے وکیل ملک اویس خالد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ احمد حسان نے استعفی دینے کے بعد کسی سرکاری اجلاس کی صدارت نہیں کی.انہوں نے کہا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں لہذا درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کی جائے. جس پر عدالت نے کیس کی سماعت پچیس اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :