صحرائے تھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث ڈائریا اور گیسٹرو کے امراض پھیلنا شروع ہو گئے ہیں،حافظ عبدالرؤف

پیر 4 اپریل 2016 20:55

پنگریو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) شدید خشک سالی اور قحط کے شکار صحرائے تھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث ڈائریا اور گیسٹرو کے امراض پھیلنا شروع ہو گئے ہیں آلودہ اورمضر صحت پانی کے استعمال کے باعث پنگریو سے متصل تھری علاقوں سمیت مختلف قصبوں اور دیہاتوں میں گیسٹرو اور ڈائریا کے مرض نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے جس کی وجہ سے تھر پار کر میں ایک نئے انسانی المیے کے جنم لینے کا خدشہ ہے اس متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے تھر پار کر میں سرگرم ریلیف ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے تیاریاں شروع کر دی ہیں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے مرکزی چئیرمین حافظ عبدالرؤف فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی ان تیاریوں اور ریلیف کے دیگر پروجیکٹوں کا جائزہ لینے کے لئے دو روزہ دورہ پر تھر پار کر پہنچ گئے ہیں ایف آئی ایف کے ترجمان خالد سیف کے مطابق حافظ عبدالرؤف نے تھر پار کر پہنچ کر مختلف علاقوں میں جاری ریلیف اور دیگر فلاحی کاموں کا دورہ کیا اور خشک سالی، غذائی قلت، مختلف امراض کے شکار تھر ی باشندوں سے ملاقاتیں کیں اور واٹر پروجیکٹ کے مختلف منصوبوں کا بھی دورہ کیا حافظ عبدالرؤف نے متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے تھرپار کر میں شدید خشک سالی، غذائی قلت اور مختلف امراض کے باعث پید اہونے والے انسانی المیئے کے بعد مختلف شعبوں میں ریلیف اور بحالی آپریشن شروع کیا تھا جس پر اب تک کروڑوں روپے خرچ ہوچکے ہیں ایف آئی ایف نے نہ صرف امدادی کام انجام دیئے ہیں بلکہ پانی کی فراہمی کے لئے واٹر پروجیکٹ ، شیلٹر پروجیکٹ، ادویات کی فراہمی، موسم کے لحاظ سے ملبوسات کی تقسیم اور دیگر مدوں میں تھری بھائیوں کی خدمات کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے کہا کہ ایف آئی ایف ملک کے مخیر اور درد دل رکھنے والے صاحب ثروت افراد کے تعاون سے یہ ریلیف کام انجام دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ تھر پار کر میں گرمی کا موسم سیزن شروع ہوتے ہی ڈائریا اور گیسٹرو کا مرض پھیلنا شروع ہو گیا ہے جو کہ خطرے کی نئی گھنٹی ہے انہوں نے کہا کہ تھر پار کر میں اب بھی بڑی تعداد میں لوگ پینے کے صاف پانی اور مناسب غذا سے محروم ہیں جس کی وجہ سے موسم گرما میں ڈائریا اور گیسٹرو کا مرض وبائی صورت اختیار کر سکتا ہے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اس متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریاں کر رہی ہے اور متاثرہ مریضوں کے لئے ادویات، خشک راشن ، منرل واٹر کی فراہمی کابندوبست کیا جارہا ہے حافظ عبدالرؤف نے ملک کے شمالی علاقوں میں ہونے والی تباہ کن بارشوں میں ہونے والے جانی اورمالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے شمالی علاقہ جات اورخیبر پختونخواہ کے دیگر حصوں میں ہونے والے جانی ومالی نقصانات سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن شروع کر دیاہے اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :