پی ایس 115کے ضمنی الیکشن میں نامزد حق پرست امیدوار فیصل رفیق کی انتخابی مہم جوش و خروش کے ساتھ جاری

پیر 4 اپریل 2016 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) پی ایس 115کی نشست پر نامزد ایم کیوایم کے حق پرست امیدوار فیصل فیق کی انتخابی جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے ۔ انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز لائینز ایریا ٹاؤن کی یوسی 9کے علاقوں ہاشوانی اسپتال ، قصائی چوک اور چھ سوچوک ورک شاپ میں کارنر میٹنگز منعقد ہوئیں جبکہ یوسی 11جھنڈا چوک ، انکوائری آفس اوربلال روڈ میں گھر گھر عوام سے رابطہ کیا گیا ۔

اس کے علاوہ انتخابی مہم کے سلسلے میں سوسائٹی ٹاؤن کی پختون آبادی مسلم کالونی ، عمر کالونی ، ریلوے پھاٹک کا دورہ کرکے معززین سے ملاقاتیں بھی کی گئیں ۔ کارنر میٹنگوں علاقے کے نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نامزد حق پرست امیدوار فیصل رفیق کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

کارنر میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست نامزد امیدوار برائے پی ایس 115فیصل رفیق نے کہاکہ ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نام نہاد لیڈران جمہوریت کے بلند و بانگ دعوے کرتے دکھائی دیتے ہیں لیکن جمہوری نظام کی نرسری بلدیاتی انتخابات اور اس کے تحت ملنے والے اختیارات اور سائل کو دینے سے راہِ فرار اختیار کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ جب تک بلدیاتی نظام کے تحت منتخب نمائندوں کو اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور وسائل فراہم نہیں کردیئے جاتے اس وقت تک ملک میں جمہوریت کے استحکام کی باتیں کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں ایم کیوایم کی جدوجہد ملک میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ ،وڈیرانہ اور سردارانہ نظام کے خلاف جاری ہے اور اس کی پاداش میں ایم کیوایم کو آج بھی ظلم و ستم کا نشانہ بنایاجارہا ہے ، ایم کیوایم کے دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں ، کارکنان کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں اور انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجارہا ہے لیکن اس ظلم و ستم کے باوجود الطا ف حسین آج بھی ہمت و حوصلے کے ساتھ حق پرستی کے قافلے کو آگے بڑھارہے ہیں جس پر ایک ایک حق پرست عوام انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کو عوامی مسائل کے حل سے روکاجارہا ہے اور اس کے سیاسی اور جمہوری حقوق پامال کئے جارہے ہیں اور ایم کیوایم کے مقابلے میں ہمیشہ جرائم پیشہ عناصر کو ترجیح دی گئی اور صاف ستھرے لوگوں پر ظلم و ستم ڈھایاجارہا ہے ۔انہوں نے کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 7اپریل 2016کو پی ایس 115کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پتنگ کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں اور نامزد امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔

متعلقہ عنوان :