لائنزایریا میں حقیقی دہشت گردوں نے ایم کیوایم کے یوسی آفس کو توڑپھوڑ کرآگ لگادی

دفترکافرنیچر، پتنگیں،ایم کیوایم کے جھنڈے، بینرز، الیکشن سے متعلق مواد اوردیگرسامان مکمل طوپرجل کرخاکسترہوگیا،رابطہ کمیٹی

پیر 4 اپریل 2016 20:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لائنزایریا میں ایم کیوایم کے یوسی آفس پر حقیقی دہشت گردوں کے حملے ، توڑپھوڑ اوردفترکوآگ لگانے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اوراسے کھلی دہشت گردی قراردیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ درجنوں مسلح دہشت گردوں نے اتوارکی شب پریڈی کے علاقے میں واقع ایم کیوایم کے یوسی 9 کے دفترجوکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 115 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ایم کیوایم کاانتخابی دفتربھی ہے ، جدید وخودکارہتھیاروں سے مسلح حقیقی دہشت گردوں نے دیگرجرائم پیشہ عناصر کے ہمراہ اس دفترپر حملہ کیا،دفترکے سامان کی توڑپھوڑ کی اورآتشگیرمادہ سے دفترکوآگ لگادی جس کے باعث دفترکافرنیچر، پتنگیں،ایم کیوایم کے جھنڈے، بینرز، الیکشن سے متعلق مواد اوردیگرسامان مکمل طوپرجل کرخاکسترہوگیا۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں نے علاقے میں خوف وہراس پھیلانے کیلئے ہوائی فائرنگ بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس یوسی آفس کے ساتھ ہی بریگیڈ تھانہ بھی واقع ہے لیکن پولیس نے ان حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی بلکہ بریگیڈ تھانے کے ایس ایچ او اکبرغوری اوردیگرپولیس اہلکاروں نے حملہ آورحقیقی دہشت گردوں کی معاونت کرتے ہوئے خود قریب ہی واقع دکانوں کوبندکروایاتاکہ کوئی ان حملہ آوردہشت گردوں کودیکھ کرپہچان نہ سکے ۔

رابطہ کمیٹی نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دوروزسے حقیقی دہشت گرد ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کودہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں لیکن علاقہ پولیس ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے ۔ ہفتہ کوایم کیوایم کے انتخابی جلسہ کے بعد حقیقی دہشت گردوں کی دہشت گردی بڑھ گئی ہے ، حقیقی دہشت گردوں نے کل کے جلسہ میں شریک ایم کیوایم کے ایک ہمدردبزرگ 60سالہ محمداسلم کوبری طرح ماراپیٹا اوررات کے وقت ایم کیوایم کے یوسی آفس کولگادی گئی ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کل نارتھ ناظم آبادمیں ایم کیوایم کی ریلی پر حملہ کیاگیااورآج لائنزایریامیں ایم کیوایم کے انتخابی دفترکوآگ لگادی گئی لیکن پولیس ورینجرزجو کراچی بھرمیں توایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں اورعہدیداروں کوپکڑ پکڑ کران پر جھوٹے جھوٹے مقدمات بنارہی ہے لیکن کھلے عام دہشت گردی کرنے والے حقیقی دہشت گردوں کوکھلی چھوٹ دیدی گئی ہے کہ وہ لائنزایریا میں ایم کیوایم کے دفترپرحملے کریں، اسے آگ لگائیں اورکارکنوں اور ہمدردوں کو ماریں ، پیٹیں اورانہیں دہشت گردی کانشانہ بنائیں۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس دہشت گردی کے ذریعے پوری کوشش کی جارہی ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کومشتعل کیاجائے، علاقے میں امن وامان کی صورتحال کوتباہ کیاجائے اور7 اپریل کومنعقدہونے والے ضمنی انتخابات میں عوام کوووٹ ڈالنے سے روکاجاسکے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنان اس سازش کواچھی طرح سمجھتے ہیں اسی لئے وہ اس تمام تردہشت گردی کے باوجود پرامن ہیں اوروہ ہر گزمشتعل نہیں ہوں گے اورصبروبرداشت سے کام لیکرانتخابات کومتاثر کرنے کی سازشوں کوناکام بنادینگے ۔

رابطہ کمیٹی نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اسی طرح پرامن رہیں اورپرامن اندازمیں اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں۔ رابطہ کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر اورچیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ اس واقعہ کا فوری نوٹس لیاجائے ، اس میں ملوث افرادکوگرفتارکرایاجائے اورانتخابات کے پرامن انعقادکویقینی بنایاجائے۔علاقے میں جانبداری کامظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔