گندم خریداری مہم کاعمل صاف و شفاف بنایا جائیگا ،مڈل مین کے کردار کو ختم کر کے کسانوں سے ایک ایک دانہ خریدینگے ‘ وزیر خوراک

وزیراعلی محمد شہبازشریف کے ویژن کے تحت گندم خریداری مہم کو مکمل شفاف بنا یا گیا ہے ‘بلال یاسین کا مہم سے متعلق منعقدہ ورکشاپ سے خطاب

پیر 4 اپریل 2016 20:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء)محکمہ خوراک نے گندم خریداری پالیسی کے تحت فوکل پرسن اور ضلعی کوآرڈی نیٹر کے تعاون سے پروکیورمنٹ کے عمل کو صاف وشفاف اور تیز تر بنانے کے لئے ایم پی ڈی ڈی میں ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا جس کا افتتاح صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کیا-ورکشاپ میں سیکرٹری خوراک پرویز احمد خان، ڈائریکٹر فوڈ آصف جلال لودھی کے علاوہ صوبہ بھر کے اضلاع سے آئے ہوئے فوکل پرسنز ’’ اے ڈی سی جی ‘‘ او ر فوڈ افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کا مقصد گندم خریداری مہم 2016-17کے لئے مرتب کردہ پالیسی کے بارے فوکل پرسن اورضلعی کوآرڈی نیٹر زکو بریف کرنا ہے-ڈائریکٹر فوڈ آصف بلال لودعی نے ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گندم خریداری مہم 2016-17 کے تحت چھوٹے کسانو ں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ دینے کے ساتھ ساتھ شفافیت کے عمل کو تیز تر کرنا اور مڈل مین کے کردار کو ختم کر کے گندم کے ایک ایک دانہ کی خریداری کرناہے- انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سالوں کی نسبت اس مرتبہ گندم کی بمپر پیداوار ہوئی ہے-انہوں نے کہاکہ ساڑھے 12ایکڑ زمین کے مالکان سے پہلے پانچ روز میں گندم خرید کر لی جائے گی تاکہ انہیں مڈل مین کا سامنا نہ کرنا پڑے- انہوں نے بتایاکہ فوکل پرسن ، ضلعی کوآرڈی نیٹر اور کاشتکار تنظیموں کی سینٹرز پر موجودگی سے پٹواری کا کردار سرے سے ختم کر دیا گیا ہے جس سے کسانو ں کو شکایات پیش نہیں آئیں گی-انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کو کسانوں کی رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کر کے محکمہ خوراک اور متعلقہ گندم خریداری سینٹرز پر فہرستیں آویزاں کرنے کی ہدایات دے دی گئی ہے -ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ گندم خریداری مہم 2016-17 کو وزیراعلی محمد شہبازشریف کے ویژن کے تحت مکمل شفاف بنا یا گیا اور اس ورکشاپ کا مقصد ہی یہ ہے چھوٹے کسانو ں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں اور پٹواری کے کردار کو ختم کیا جائے-