کراچی میں میئر وڈپٹی میئر کیس:عدالتی وقت ختم ہونے پر سماعت ملتوی ،فاروق ایچ نائیک کو آج دلائل مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 4 اپریل 2016 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 اپریل۔2016ء) سپریم کورٹ نے کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات شو آف ہینڈ کے تحت کروانے سے متعلق کیس کی سماعت عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث آج ( منگل )تک کے لیے ملتوی کر دی ہے، سندھ حکومت کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے دلائل آج بھی جاری رہیں گے ۔ پیر کے روز چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی ہے ، سندھ حکومت کی جانب سے فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ بد نیتی پر مبنی ہے مختصر اور تفصیلی فیصلے میں تضاد ہے ، فیصلہ جاری کرتے وقت انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے ،سندھ ہائی کورٹ کو قانون سازی کا اختیار نہیں تھا ، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون سازی کا اختیار الیکشن کمیشن کو نہیں بلکہ یہ اختیار صوبوں کا ہے ۔

(جاری ہے)

آئین سازی مقننہ کا کام ہے عدالت مقننہ کے بنائے ہوئے قانون میں ترمیم نہیں کر سکتی عدالت کا کام آئین کی تشریح کرنا ہے ،دوران سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے سندھ حکومت کے وکیل سے سوال کیا کہ آپ باالواسطہ انتخابات کی بات کر رہے ہیں عدالت کو بتائیں کیا یہ طریقہ انتخابات جمہوری نظام کا حصہ نہیں، جسٹس خلجی عارف نے کہا سال میں میں تین مرتبہ قانون میں ترمیم کرتے ہیں جس سے معاملات خراب ہو رہے ہیں ، بعد ازاں عدالتی وقت ختم ہونے پر کیس کی سماعت آج منگل تک کے لیے ملتوی کر دی ہے اور سندھ حکومت کے وکیل فاروق ایچ نائیک کو آج اپنے دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :