پمز ہسپتال میں چائلڈ سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا اعلان

چائلڈ سائیکاٹری کا شعبہ بچوں کی تربیت اور پرورش کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

پیر 4 اپریل 2016 17:30

اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 اپریل۔2016ء) وزیر مملکت برائے کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پمز ہسپتال میں چائلڈ سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چائلڈ سائیکاٹری کا شعبہ بچوں کی تربیت اور پرورش کے حوالے سے انتہائی اہم ہے لیکن اس پر توجہ نہیں دی گئی۔

وہ پیر کو یہاں بچوں کی نفسیات پر منعقدہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کے ہر سکول میں ایک چائلڈ سائیکاٹرسٹ تعینات کیا جائے گا جو بچوں کی کونسلنگ کرے گا۔ وزیر مملکت کیڈ نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے، آج ہم جو کچھ بھی ہیں اس ملک کی وجہ سے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بیروں ملک کام کرنے والے ڈاکٹرز اور دوسرے شعبہ کے پروفیشنلز سے اپیل کی کہ وہ ملک میں واپس آکر اِس ملک کی خدمت کریں اور ملک کو پے بیک کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے برین ڈرین کو کم کرنا ہوگا اور ایسا ماحول مہیا کرنا ہوگا کہ ہمارے طلبہ بیرونِ ملک تعلیم مکمل کر کے واپس آکر ملک کی خدمت کریں۔ اس موقع پر ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے بچوں کی نفسیاتی امراض کے علاج کی سروسز شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایونٹ کے آرگنائزر پروفیسر رضوان تاجر نے کانفرنس کے شرکاء کو آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 16 سال سے کم عمر کی ایک بڑی آبادی ہے اور ہمیں اس چیز کی اشد ضرورت ہے۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی ماہرین نے شرکت کی۔