Live Updates

نیب پانامہ لیکس کی تحقیقات کرے بصورت دیگر ادارے کو بند کردیا جانا چاہئیے،پانامہ لیکس کسی کے خلاف سازش نہیں‌بلکہ اللہ کی جانب سے ان افراد کی پکڑ ہے۔ پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کی پریس کانفرنس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 4 اپریل 2016 17:21

نیب پانامہ لیکس کی تحقیقات کرے بصورت دیگر ادارے کو بند کردیا جانا چاہئیے،پانامہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔04اپریل 2016ء) : پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے کہا کہ پانامہ لیکس سے حکمرانوں کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی ، پانامہ لیکس میں میں بڑے بڑے انکشافات ہوئے ہیں۔ عمرا ن خان نے کہا کہ پانامہ میں ٹیکس چوری کا پیسہ رکھا جاتا ہے، لیکس کے ذریعے دنیا بھر کے افراد کے چھپائے ہوئے پیسے کا راز کھل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو لوگوں کا پیسہ چوری کر کے آف شور میں رکھتے ہیں ، اللہ کی طرف سے ان سب کے راز کھل گئے ہیں۔

مذکورہ رپورٹ کسی ایک ملک کے رہنماﺅں کے خلاف نہیں ہے۔ ان انکشافات کے بعد آسٹریلیا ، ہانگ کانگ اور فرانس میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ، آئس لینڈ کے وزیر اعظم کے استعفے اور قبل ازوقت الیکشن کی بات کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سب کچھ اپنے بچوں کے نام پر کر رکھا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں رکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان نے کہا کہ میں نے کئی عرصہ سے شور مچا رکھا تھا کہ انہوں نے ملک کا پیسہ باہر رکھا ہوا ہے اور آج اس حوالے سے سچ بھی سامنے آ گیا ہے۔

پانامہ لیکس کے بعد شریف خاندان پھنس گیا ہے اور ان کو سمجھ نہیں آ رہی کہ پیسے سے متعلق کیسے بتایا جائے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سب جگہ اگر پانامہ لیکس کے بعد دوسرے ممالک میں تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے تو کیوں نہیں پاکستان میں بھی تحقیقات کاا ٓغاز کیا جائے اور نواز شریف بتائیں کہ ان کے بچو ں کے پاس اتنے اثاثے کہاں سے آئے؟ پیسہ لندن کیے گیا اس سے متعلق اسحاق ڈار کا بیان بھی موجود ہے۔

نواز شریف جواب دیں کہ پیسہ باہر کیسے گیا اور آیا باہر منتقل کیے گئے پیسے پر ٹیکس دیا گیا یا نہیں؟؟ عمران خان کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کے انکشافات محض ایک فرم سے متعلق ہیں باقی جائیدادوں اور کمپنیوں کے بارے میں کسی کو معلوم بھی نہیں ہے۔ عمران خان نے پانامہ لیکس کے انکشافات پر تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تحقیقات سے مزید راز بھی افشاں ہوں گے ۔ نیب کو چاہئیے کہ اس معاملے کی تحقیقات کرے اور اگر نیب ایکشن نہیں لے سکتا تو نیب کو بند کردینا چاہئیے۔ اس ملک کے حکمران منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں اور حکمرانوں کے بچوں کے بیرون ملک کاروبار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب اگر اپنی ساکھ کو بچانا چاہتا ہے تو ان انکشافات پر تحقیقات کی جائیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات