چوہدری محمد سرور نے پانامہ لیکس پر سپر یم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا

الیکشن کمیشن پانامہ لیکس میں بے نقاب ہونیوالے پاکستانی سیاستدانوں کو نا اہل قرار دلوائے

پیر 4 اپریل 2016 17:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اپریل۔2016ء) تحر یک انصاف پنجاب کے صدارتی امیدوار چوہدری محمد سرور نے پانامہ لیکس پر سپر یم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں بے نقاب ہونیوالے پاکستانی سیاستدانوں کیخلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی نوٹس لے کر انہیں نا اہل قرار دلوائے ،(ن) لیگ کی کر پشن اور لوٹ مار پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے انکے پاس اب اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں،کر پشن اور دہشتگردی ایک ہی سکے کے دورخ ہے،کر پٹ سیاستدانوں کے انتخابات میں حصہ لینے پر تاحیات پابندی ہونی چاہیے،قوم سے جھوٹ بولنے والے کر پٹ حکمران قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے انکی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو رہی ہے ۔

گزشتہ روز پارٹی کارکنوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عمران خان پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ (ن) لیگی قیادت کا اصل مقصد کر پشن اور لوٹ مار کے ساتھ ساتھ بیرون ملک جائیداد ئیں بنانا ہے اور اب پانامہ سیکنڈل نے حکمرانوں کے اصل چہر ے کو نہ صرف بے نقاب کر دیا ہے بلکہ عمران خان کے اصولی موقف کی بھی جیت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنی قوم سے جھوٹ بولنے والے نااہل اور کر پٹ حکمرانوں کے پاس اب اقتدار سے چمٹے رہنے کا کوئی اخلاقی ‘آئینی اور قانونی جواز نہیں اس لیے وہ فوری طور پر اقتدار سے الگ ہوئے جائے ورنہ قوم انکو خود اقتدار کے ایوان سے باہر نکال دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی کہتے ہیں کر یشن اور دہشت گردی میں کوئی فرق نہیں دونوں ملک اور عوام دشمن ہیں اس لیے دہشت گردی کے ساتھ ساتھ کر پشن اور لوٹ مار کر نیوالوں کے خلاف بھی گر ینڈ آپر یشن کر نا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج جن بحرانوں کا شکار ہے ان سے نجات کا واحد حل کر پٹ حکومت کا خاتمہ اور ملک میں ایماندار قیادت کی ضرورت ہے اور قوم کے پاس عمران خاں کی صورت میں ا یسی ایماندار قیادت موجود ہے جو ملک کو مسائل سے نجات دلاسکتی ہے ۔