گندم کی فصل برداشت کے مرحلہ میں د اخل ہوگئی

فصل کی بروقت کٹائی ، گہائی اور سنبھال سے پہلے مزدوروں ، ٹریکٹر ، تھریشر اور کمبائن ہارویسٹر کے علاوہ ترپال یا پلاسٹک چادر کا انتظام کرلیں، زرعی ماہرین

پیر 4 اپریل 2016 14:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 اپریل۔2016ء) گندم کی فصل برداشت کے مرحلہ میں د اخل ہوگئی ہے اس لیے فصل کی بروقت کٹائی ، گہائی اور سنبھال سے پہلے مزدوروں ، ٹریکٹر ، تھریشر اور کمبائن ہارویسٹر کے علاوہ ترپال یا پلاسٹک چادر کا انتظام کرلیں۔موسمی حالات بہتر رہنے اور کاشتکاروں کی بھر پور محنت سے توقع ہے کہ اس سال ہم گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

جس سے نہ صرف کاشتکاروں کی آمد ن میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر مخدوم حسین ڈائریکٹر گندم ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے کاشتکاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دروران کیا انہوں نے بتایا ہے کہ ایک اندازہ کے مطابق کٹائی کے بعد کی پیداوار کا تقریباٍ 10فیصد حصہ مختلف وجوہات کی بنا ء پر ضائع ہوجاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ گندم کی کٹائی سے قبل موثر منصوبہ بندی کریں کیونکہ گندم کی برداشت کے وقت موسمی تغیرات سے پیداوار کافی متاثر ہوتی ہے ۔ کاشتکار گندم کی برداشت کے دنوں میں پرنٹ والیکٹرونک میڈیا کے ذریعے نشر ہونے والی موسمی پیش گوئی پر توجہ دیں اور فصل کی برداشت کے لیے منصوبہ بندی کرتے وقت موسمی حالات کو مدنظر رکھیں ۔

زیادہ رقبہ پر کاشتہ گندم کو کمبائن ہارویسٹر کے ذریعے کٹائی کریں ۔گندم کی کٹائی نہ تو وقت سے پہلے کریں اور نہ ہی تاخیر سے کریں کیونکہ دونوں صورتوں میں پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔بارش کی صورت میں فصل کی کٹائی روک دیں اور موسم صاف ہونے پر کٹائی کا عمل دوبارہ شروع کریں۔فصل مکمل پکنے پر کٹائی شروع کریں اور بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹوں کا رخ اوپر کی طرف رکھیں۔

کھلواڑے چھوٹے رکھیں اوراونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اور کھلواڑوں کے گرد کھائی ضرور بنائیں تاکہ بارش ہونے کی صورت میں فالتو پانی اس میں جمع کیا جاسکے۔ کٹائی کے بعد فصل کو زیادہ دنوں تک کھیت میں نہ چھوڑیں تاکہ کھیت میں موسمی اثرات ،بارش اور آندھی وغیرہ کے نقصانات سے بچا جاسکے۔گہائی میں تاخیر سے دانوں میں نمی کم ہوجاتی ہے جس سے ان کے دانوں کے ٹوٹنے کا امکان ہوتا ہے۔گہائی شدہ گندم کو نئی بوریوں میں ذخیرہ کریں اور بروقت فروخت کا انتظام کریں۔اپنی فصل کی سنبھال اور ذخیرہ کا بھرپور انتظام کریں تاکہ یہ سنہری دانہ جو آپ نے سخت محنت سے پیدا کیا ہے ضائع نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :