عالمی بنک کی پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے10کروڑ ڈالرفراہمی نئے صنعتی دور کا آغاز ہوگا ‘ ظہیر بھٹہ

پیر 4 اپریل 2016 12:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی وایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامر س و انڈسٹریز ظہیر بھٹہ نے عالمی بنک کی جانب سے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری کیلئے10کروڑ ڈالر کی فراہمی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی صنعتوں کے قیام کیلئے وافر سرمایہ کی فاہمی سے پنجاب میں نئے صنعتی دور کا آغاز ہوگا،نئی صنعتوں کے قیام سے ملامت کے وافر مواقع فراہم ہونگے اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خلدون جاوید ملک سینئر وائس چیئرمین ،محمد اعظم چوہدری وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ظہیر بھٹہ نے کہاکہ پنجاب کی افرادی قوت میں ہر سال10لاکھ کا اضافہ ہورہا ہے نوجوانوں کو بے روزگاری سے بچانے کیلئے سرمایہ کاری میں اضافہ کی از حد ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی بنک کی طرف سے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے وافر رقم کی فراہمی پنجاب کی معاشی صورتحال میں بہتری پر اعتماد کا اظہار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے مزید اقدامات کرے گااور کاروبارکے لیے سازگارماحول کی فراہمی سے خواتین کیلئے بھی ملازمتوں کے لیے وافر مواقع مہیا ہونگے اور فیکٹری ایکٹ جیسے قوانین میں ترامیم کے ذریعے خواتین کو بلاتعصب صنعتوں میں روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔انہوں نے کہا کہ نئی صنعتوں کے قیام اورسرمایہ کاری میں اضافہ سے پنجاب ترقی وخوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا اور غربت کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :