پاک سرزمین پارٹی نے سندھی قوم پرست جماعتوں سے رابطے شروع کردئیے،انیس قائم خانی کا اشرف نوناری کوٹیلیفون،سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال، سندھی بھائیوں کے احسانات فراموش نہیں کر سکتے،انیس قائمخانی،سازش کے تحت سندھ میں لسانی فسادات کرائے گئے،سندھ کی تقسیم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے،اشرف نوناری

اتوار 3 اپریل 2016 19:38

پاک سرزمین پارٹی نے سندھی قوم پرست جماعتوں سے رابطے شروع کردئیے،انیس ..

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 3اپریل۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنماء انیس قائمخانی کا قوم پرست جماعت سندھ نیشنل تحریک کے چےئرمین اشرف نوناری سے رابطہ،اردوبولنے والے محب وطن سندھی ہیں،سندھ ہماری دھرتی ماں ہے جس کی تقسیم کا مہاجرسوچ بھی نہیں سکتے،سندھ کی ترقی وتعمیر کے لئے مہاجر سندھی بولنے والے بھائیوں سے مل کر کام کرناچاہتے ہیں ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنماء انیس قائمخانی نے اشرف نوناری سے ٹیلی فونک گفتگوکرتے ہوئے کیا،انیس قائمخانی نے کہا کہ جس طرح قیام پاکستان کے بعد ہندوستان سے ہجرت کرنے والے مہاجرین کو سندھیوں نے عزت اوردلوں میں جگہ دی وہ کوئی بھی غیرت مند اردوبولنے والا بھول نہیں سکتا،سندھ نے ہمیں پہچان دی آج ہماری پہچان محب وطن سندھی وپاکستانی کے طور پر ہے،مگرافسوس کہ لندن میں بیٹھے ہوئے خودساختہ جلاوطن لیڈر نے جس طرح سندھ میں نفرتوں کے بیچ بوئے ہیں،آج ہم ان نفرتوں اور لسانی تفریق کوختم کرنے اور محبتیں باٹنیں آئے ہیں ہم نے جس طرح 3مارچ سے ظلم بربریت وخوف ودہشت کے خلاف آواز بلند کی اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،ظلم اور ظالم کے خلاف ہمارا جہادتاریخ کا حصہ ہے،جس کا پھل آنے والی نسلوں کو محبت بھائی چارے اور سچے محب وطن کی صورت میں ملے گا ہم اردوبولنے والے اورسندھیوں کے درمیان نفرتوں کو ختم کرنا اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہتے ہیں،جس میں سندھی قوم ہمارا ساتھ دے،تاکہ صوفیوں کے امام حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کی سرزمین سندھ پر بھائی چارے اور امن کی فضا قائم رہے،اس موقع پر قوم پرست رہنماء اشرف نوناری نے کہاکہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہم نے اردوبولنے والوں کو سندھی دھرتی کا اٹوٹ حصہ اور اپنا بھائی سمجھا ہے،آج بھی ہمارے دل اردوبولنے والے بھائیوں کے لئے دھرکتے ہیں مگر ایک سازش کے تحت مخصوص مفادات کے حصول کے لئے سندھ میں لسانی فسادات کراکر سندھیوں اور اردوبولنے والے سندھیوں کے درمیان نفرتیں پیدا کی گئیں ،پاک سرزمین پارٹی نے جس طرح سندھ وہ ملک دشمنوں کے مذموم مقاصد کو پوری قوم کے سامنے بے نقاب کیا ہے اس پر سندھی قوم مصطفی کمال اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتی ہے اور اپنی حمایت کا یقین دلاتی ہے،دونوں رہنماؤں نے سندھ کے حقوق کے لئے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیااور کہاکہ آج کے بعد سندھ میں لسانی قوتوں کو جرات نہیں ہوگی کہ وہ سندھ میں لسانی بنیادوں پر فساد کرائیں یاسندھ کی تقسیم کی باتیں کریں۔