منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب ‘ 25 جوڑوں کا نکاح ،کوئی وزیراعظم ہو یا انصار برنی جو پاکستان کا وفادار نہیں اس کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں‘انصار برنی،”را“ کے کمانڈر کی گرفتاری سے ثابت ہو گیا پاکستان دہشتگردی کا شکار ملک ہے‘اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب

اتوار 3 اپریل 2016 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 3اپریل۔2016ء) انسانی حقوق کے بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی رہنما انصار برنی نے منہاج القرآن ویلفیئر کے زیر اہتمام منعقدہ اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور شہر میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ میں مسیحی اور مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی اور اسی شہر لاہور میں منہاج القرآن نے مسلمانوں ،مسیحی اور ہندو جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب منعقد کر کے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے ہر شہری کی شناخت صرف پاکستان ہے اور ہم بلاتفریق رنگ و نسل مذہب اپنے ملک سے پیار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے اسی گراؤنڈ میں درجنوں کارکنوں کو بے رحمی سے قتل کیا گیا جسے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

میں آج خوش بھی ہوں اور غم زدہ بھی ہوں کہ جس گراؤنڈ میں شادی کا یہ جشن ہورہا ہے اسی گراؤنڈ میں لوگوں کو بے رحمی سے مارا گیا اور انہیں ابھی تک انصاف نہیں ملا۔انہوں نے ”را“ کے کمانڈر کی گرفتاری پر کہا کہ پاکستان میں خون خرابا کرانے والے اور پاکستان کو توڑنے کی کوششوں میں ملوث ایجنٹ پاکستان کی سرزمین سے گرفتار ہوا ہے اس پر آئی ایس آئی اور ایم آئی مبارکباد کی مستحق ہے اس واقعہ سے پوری دنیا کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستان دہشتگرد ملک نہیں بلکہ دہشتگردی کا شکار ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی وزیراعظم ہو یا انصار برنی یا کوئی اور جو پاکستان کا وفادار نہیں اس کیلئے پاکستان کوئی جگہ نہیں ہے۔دہشتگردوں کے سہولت کار بننے والے منافق ہیں۔ایسے منافقوں سے اس پاک سرزمین کو اب پاک کردیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج میں اس بین المذاہب ہم آہنگی کی منعقدہ عظیم الشان تقریب کے توسط سے یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ ”را“ کے اس کمانڈر کے جو جو سہولت کارتھے انہیں عبرتناک سزا دی جائے ۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نوازگنڈاپور نے معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور اجتماعی شادیوں میں شریک جوڑوں کو منہاج القرآن کے بچے اور بچیاں قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے ویژن کی روشنی میں ادارہ منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کیلئے بلا رنگ و نسل اور مذہب اپنا دینی کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے انصار برنی ، مسز انصار برنی ،سینئر قانون دان ایس ایم ظفر اور مسز ایس ایم ظفر کاتقریب میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اجتماعی شادیوں کی تقریب کے میزبان منہاج ویلفیئر کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے اجتماعی شادیوں کی تقاریب کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ ہر سال مستحق جوڑوں کی شادی کروائی جاتی ہے اور جملہ اخراجات منہاج ویلفیئر برداشت کرتی ہے اور ہر مستحق بچی کوڈیڑھ لاکھ روپے تک ضروریات زندگی پر مشتمل جہیز دیا جاتا ہے ۔انصار برنی نے دولہوں کو اور مسز انصار برنی نے دلہنوں کو شادی کے تحائف دئیے۔

اجتماعی شادی کی اس تقریب میں مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد مہمانوں نے شرکت کی ۔تمام مہمانوں کی چکن قورمہ ،چکن بریانی ،زردہ اور کولڈ ڈرنک سے تواضع کی گئی۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں 25 مسلم ،مسیحی اور ہندو جوڑوں کی شادی ہوئی۔ہندو جوڑے کی شادی کی رسم امرناتھ رندھاوا، پنڈت بھگت لعل اور ڈاکٹر منوہر چند نے ادا کی۔مسیحی جوڑوں کا نکاح ڈاکٹر فادر جیمز چنن اورریورنڈ سیموئیل نواب نے پڑھایا ۔

مسلم جوڑوں کا نکاح مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، علامہ رفیق رندھاوا ،علامہ محمد محسن، علامہ نواز ظفر،ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے پڑھایا،امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے دعائے خیر کروائی۔اجتماعی شادیوں کی تقریب میں تحریک انصاف کی رہنما فوزیہ قصوری، رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل ،ہالینڈ سے آئے ہوئے منہاج ویلفیئر کے رہنما ڈاکٹر عابد عزیز ،میاں زاہد اسلام، ڈاکٹر ہرمن ،منہاج انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل رضا، معروف ڈریس ڈیزائنر بی جی ، معروف سماجی رہنما ڈاکٹر ثروت شجاعت،بریگیڈیئر اقبال احمد خان، جی ایم ملک،حاجی خالد، ساجد بھٹی، راجہ زاہد، شہزاد رسول، طاہر امین، حافظ غلام فرید ،خرم شہزاداور شعبہ خواتین کی رہنما عطیہ بنین نے شرکت کی۔

انصار برنی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بلا رنگ و نسل ایک پاکستانی کی حیثیت سے پاکستان کی خدمت کی جائے۔ اگر کسی کو اس مٹی سے پیار نہیں ہے تو اسے اس مٹی پر چلنے اور اٹھنے بیٹھنے کا بھی حق نہیں ہے۔انہوں نے تمام جوڑوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ رشتے آسمانوں پر جوڑے جاتے ہیں اور جن رشتوں کو اللہ جوڑے ان میں دراڑنہیں آنی چاہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بے حد خوش ہوں کہ ادارہ منہاج القرآن تمام مذاہب اور مسالک کے لوگوں کو اکٹھا کررہا ہے اور پاکستانیت کو پروان چڑھارہا ہے اس پر ڈاکٹر طاہر القادری بطور خاص مبارکباد کے مستحق ہیں اور ہم ان کی تندرستی کیلئے دل و جان سے دعا گو ہیں کہ وہ اسی طرح امن اور محبت بانٹتے رہیں یہی دین اسلام کا اصل پیغام ہے۔

متعلقہ عنوان :