کوہستان میں گھرپر آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچوں اورخاتون سمیت5 افراد جاں بحق،مٹی کا تودہ گرنے سے نوجوان جاں بحق

اتوار 3 اپریل 2016 18:51

کوہستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 3اپریل۔2016ء) کوہستان میں طوفانی بارشوں کے دوران گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچوں اورخاتون سمیت5افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔مکان کے ملبہ سے تمام نعشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ مٹی کا تودہ گرنے سے نوجوان جاں بحق جبکہ 2خواتین سمیت 3افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔نالہ میں طغیانی آنے سے 6مکانات نالہ میں بہہ گئے جبکہ مکینوں کو زندہ بچالیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی پالس یوسف خان نے اس حوالہ سے” اے پی پی “کو بتایا کہ ضلع کوہستان میں طوفانی بارشوں کے دوران اتوار کے روز دورافتادہ گاؤں سریال میں گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے سونگلی ولد کامل ‘زوجہ سونگلی‘2بچے اور ایک نوجوان مکان کے ملبہ کے نیچے دب کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔ڈی ایس پی پالس کے مطابق رابطہ سڑکیں بند ہونے کے باعث متاثرہ علاقے میں پولیس کی رسائی ممکن نہیں تاہم مقامی لوگوں کی کوششوں سے تمام افراد کی نعشیں ملبہ کے نیچے سے نکال لی گئیں ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق پٹن کے مقام پر مکان کی دیوار گرنے سے عمران نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ کیہال نالہ میں طغیانی آنے کے باعث نالہ سے ملحقہ 6مکانات بہہ گئے ہیں۔مقامی لوگوں نے مکینوں کو باحفاظت نکال لیا ہے۔بارشوں کے دوران مٹی کے تودہ گرنے سے عبدالامین‘دختر محمد زرین اورمسماة گودی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ڈی ایس پی پالس کے مطابق بارشوں کے باعث لینڈسلائیڈنگ سے ضلع کوہستان میں متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں

متعلقہ عنوان :