سی پی پیک کسی ایک جماعت یا صوبے نہیں پاکستان کی ترقی کامنصوبہ ،پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے قوم کو اسکے گرد حصار قائم کرنا ہوگا‘ احسن اقبال

آئندہ عام انتخابات میں دھرنے اور احتجاج نہیں ،کارکردگی اور عوام کی خدمت بولے گی ،کچھ لوگوں کے پاس سوائے احتجاج کے کوئی ایجنڈا نہیں

اتوار 3 اپریل 2016 17:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ کارکردگی جانچنے والے عالمی اور مقامی اداروں کی جانب سے پاکستان سے متعلق مثبت اشاریے حکومت کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کسی ایک سیاسی جماعت یا صوبے نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کامنصوبہ ہے اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پوری قوم کو اسکے گرد حصار قائم کرنا ہوگا۔

ایک انٹر ویو میں احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانے اور پاکستان کی ترقی کیلئے دن اور رات کی تفریق کئے بغیر آگے بڑھ رہی ہے لیکن کچھ لوگ جن کے پاس سوائے احتجاج کے کوئی ایجنڈا نہیں وہ ہماری نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

2018ء ء زیادہ دور نہیں سب نے عوام کی عدالت میں جانا ہے اور عوام ہی بہترین جج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں دھرنے اور احتجاج نہیں بلکہ کارکردگی اور عوام کی خدمت بولے گی اس لئے مخالفت برائے مخالفت کرنے والوں کو چاہیے کہ جسے جہاں جہاں مینڈیٹ ملا ہے وہاں عوام کی خدمت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے پوری دنیا میں پاکستان کو ایک مقام حاصل ہو گا ۔ یہی وجہ ہے کہ یہ منصوبہ دشمن کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے جس کیلئے پوری قوم کو اس کے گرد حصار قائم کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :