جنرل ہسپتال اور بحریہ دسترخوان کے مابین مریضوں کو ناشتہ، دو وقت کھانوں کی فراہمی کا معاہدہ

اتوار 3 اپریل 2016 17:10

لاہور۔3 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 اپریل۔2016ء ) بحریہ دسترخوان اور جنرل ہسپتال انتظامیہ کے مابین مریضوں کو ناشتے سمیت دو وقت کے کھانوں کی فراہمی کے ایم او یوز پر دستخط ہو گئے ،تمام بیماروں کو کھانا ان کے بستر پر دینے کیلئے بحریہ انتظامیہ نے خصوصی ٹرالیوں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ کھانا گرم رہنے کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بھی تقسیم ہو سکے، ایم او یو پر جنرل ہسپتال کی جانب سے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر آف نیورو سرجری ڈاکٹر خالد محمود نے دستخط کئے اور اس معاہدے کو ہسپتال کے مریضوں کے لئے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت انسان کو دنیا میں اپنا نائب بنا کر صرف اس لئے بھیجا کہ وہ خدمت خلق کر تے ہو ئے حقوق العباد اور انسانی خدمت کا فریضہ ادا کریں،تقریب میں ایم ایس کیپٹن (ر)ڈ اکٹر نیاز احمد، اے ایم ایس ڈاکٹر شاہد محمود میو و دیگر حضرات بھی موجود تھے ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے چیف ایگزیکٹو ایل جی ایچ پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ بحریہ انتظامیہ نے دکھی انسانیت کی خدمت کا جوبیڑہ اٹھا یا ہے وہ قابل تقلید ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں، بحریہ انتظامیہ نے مریضوں کیلئے ناشتہ اور دوپہر و شام کا کھانا فراہم کرنے کا جو کام اپنے ذمے لیا ہے بلا شبہ اس سے نا صرف مریضوں بلکہ ان کے لواحقین کے بھی کھانے پینے کے انتظامات کے حوالے سے درپیش مسائل بھی ختم ہو جائیں گے اور مریضوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق جو غذا ملے گی اس سے ان کے جلد صحت یاب ہو نے کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے کیونکہ دوائی کے ساتھ ساتھ مریض کیلئے پرہیزی کھانا بھی اشد ضروری ہو تا ہے، پرنسپل نے دیگر مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور انسانیت کی خدمت کے مشن میں بحریہ دسترخوان کی طرز پر پی جی ایم آئی، اے ایم سی اور ایل جی ایچ انتظامیہ کے دست بازو بنیں۔

متعلقہ عنوان :