او جی ڈی سی ایل نے صوبوں کو ادا کی جانے والی رقم کی تفصیلات جاری کردی

سندھ کو رائلٹی کی مد میں 124.55 ‘ پنجاب کو 35.24 ‘ بلوچستان کو 19.64 ‘ خیبرپختونخوا کو 50.32 ارب ادا کئے گئے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کی مد میں تعلیم‘ صحت‘ پانی‘ انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے 7704.6 ملین خرچ

اتوار 3 اپریل 2016 15:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 اپریل۔2016ء) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے 2001-02 سے 2015-16 تک صوبوں کو تیل اور گیس کی رائلٹی‘ پیداواری بونس اور تعلیم‘ صحت‘ پانی اور دیگر شعبوں میں سماجی بہبود کے منصوبوں کے لئے ادا کی جانے والی رقم کی تفصیلات جاری کردیں ‘ 2015-16 تک 229.7 ارب کی رائلٹی صوبوں کو ادا کی گئی‘ سندھ کو رائلٹی کی مد میں 124.55 ارب‘ پنجاب کو 35.24 ارب‘ بلوچستان کو 19.64 ارب‘ خیبرپختونخوا کو 50.32 ارب ادا کیا گیا‘ صوبوں میں سماجی بہبود کے منصوبوں کے لئے 7704.6 ملین ادا کئے گئے۔

او جی ڈی سی ایل نے رپورٹ میں صوبوں میں تیل اور گیس پیدا کرنے والے اضلاع کے حوالے سے 2001 سے 2015-16 تک پیداواری بونس‘ رائلٹی اور کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (سی ایس آر) کی مد میں ادا کی جانے والی رقم کی تفصیلات جاری کردیں۔

(جاری ہے)

جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق 2001-2 سے 2015-16 تک کل 229.77 ارب کی رائلٹی صوبوں کو ادا کی گئی سندھ 124.55 ارب‘ پنجاب کو 35.24 ارب‘ بلوچستان کو 19.64 ارب جبکہ خیبرپختونخوا کو 50.32 ارب رائلٹی کی مد میں ادا کیا گیا۔

مختلف اضلاع میں واقع تیل اور گیس پیدا کرنے والے چھ بلاکس جن میں قادر پور‘ شکاردارا‘ ناشپا‘ سنجھورو‘ گدو‘ رچنا ای ایل باہو شامل ہیں اس مدت کے دوران 53 کروڑ 78لاکھ پیداواری بونس ادا یا گیا۔ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کی مد میں تعلیم‘ صحت‘ پانی‘ انفراسٹرکچر کی بہتری اور دیگر شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود کے لئے اب تک 7704.6 ملین خرچ کئے گئے جن میں سندھ میں 563‘ بلوچستان میں 5772‘ خیبرپختونخوا میں 487 ملین‘ پنجاب میں 819 ملین اور وفاق میں 63.6 ملین خرچ کئے گئے۔