ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو سیاسی طاقت کا سرچشمہ ہونے کا شعور دیا ، ،مشکل حالات میں ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ اپنانے کی ضرورت ہے ، جمہوریت کی راہ میں اپنی جانوں کی قربانی ،جلاوطنی کی صعوبتیں برداشت کرنے اور پابندِ سلاسل ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کا سابق وزیراعظم ذولفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر بیان

اتوار 3 اپریل 2016 15:15

اسلام آباد ۔ 03 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 اپریل۔2016ء) سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو یہ شعور دیا کہ عوام ہی سیاسی طاقت کا سرچشمہ ہیں اور اسی شعور کی وجہ سے ملک میں ڈکٹیٹرشپ اپنی جڑیں نہیں پیدا کر سکی ،مشکل حالات میں ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ اپنانے کی کی جتنی ضرورت اب ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے 37ویں برسی ،جو آج پیر کو منائی جارہی ہے ، کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی انہوں نے ملک کے تمام جمہوریت پسند لوگوں سے کہا کہ وہ خود کو ایک مرتبہ پھر اس مقصد کے لئے وقف کر دیں کہ طاقت بیلٹ باکس کے ذریعے آتی ہے ۔

(جاری ہے)

سابق صدر نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو جگایا اور انہیں امید کی طاقت دی اور یہ طاقت بھی دی کہ وہ طاقت کی امید رکھیں، انہوں نے آنے والی نسلوں کے لئے راستے کو روشن کیا اور کوئی بھی ذوالفقار علی بھٹو کے کارناموں کو ختم نہیں کر سکتا۔

آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قائدعوام ہی تھے جنہوں نے قوم کو ایک متفقہ جمہوری آئین دیا اور ملک کے ددفاع کو مضبوط کیا۔ یہ دونوں باتیں جو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آنے والی نسلوں کے لئے چھوڑی ہیں ان کی حفاظت ہر صورت میں ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے روز ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ خود کو جمہوری اصولوں کے لئے وقف کر دیں گے اور ہم ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے جمہوریت کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جلاوطنی کی صعوبتیں برداشت کیں اور پابندِ سلاسل ہوئے۔