پاک فوج نے شمالی وزیرستان اور فاٹا کے دور دراز علاقوں میں حکومت کی رٹ بحال کرادی

4304مربع کلو میٹر علاقہ اور نوہزار فٹ سے بلند تمام چوٹیاں دہشتگردوں سے کلیئر کرالی گئیں شمالی وزیرستان ایجنسی میں 37012خاندان اپنے گھروں میں واپس پہنچ گئے ٗ 94ترقیاتی منصوبے مکمل اور 153منصوبوں زیر تکمیل ہیں ٗآئی ایس پی آر کا بیان

اتوار 3 اپریل 2016 14:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 اپریل۔2016ء) پاک فوج نے شمالی وزیرستان اور فاٹا کے دور دراز علاقوں میں حکومت کی رٹ بحال کراتے ہوئے 4304مربع کلو میٹر علاقہ اور نوہزار فٹ سے بلند تمام چوٹیاں دہشتگردوں سے کلیئر کرالیں ٗ آپریشن کے دور ان 252دہشتگرد مارے گئے ٗ 160زخمی ہوئے ٗ پاک فوج کے 8بہادرجوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 39زخمی ہوئے ٗ شمالی وزیرستان ایجنسی میں 37012خاندان اپنے گھروں میں واپس پہنچ گئے ٗ 94ترقیاتی منصوبے مکمل اور 153منصوبوں زیر تکمیل ہیں ۔

اتوار کو آئی ایس پی آر نے شوال میں جاری آپریشن کی تازہ صورتحال کے حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ آپریشن کا آخری مرحلہ فروری2016میں شروع کیا گیا فوجیوں نے جرات مندی سے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شوال اور شمالی وزیرستان ایجنسی کا 640مربع کلو میٹر علاقہ کلیئر کر الیا ۔

(جاری ہے)

مانا ٗ گربز ٗلٹکہ ٗ انزرکس اور مگروٹی جیسے دہشتگردوں کے مرکزی ٹھکانوں کو بھی دہشتگردوں سے پاک کر دیا گیا ہے ۔

بیان کے مطابق پاک افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں کے قبضے سے آخری علاقہ کلیئر کر انے کیلئے جون 2014ء سے آپریشن ضرب عضب کے آغاز سے اب تک سکیورٹی فورسز نے 4304مربع کلو میٹر علاقہ کلیئر کرایا ہے اور تمام علاقوں بالخصوص فاٹا کے دور دراز علاقوں میں حکومت کی رٹ بحال کرائی ہے ۔بیان کے مطابق آپریشن انتہائی خطرناک ماحول اور سخت موسمی حالات میں جاری ہے جبکہ نو ہزار فٹ سے بلند تمام چوٹیاں الحمد اﷲ کلیئر کرالی گئی ہیں ۔

دہشتگردوں کے مراکز تباہ کر دیئے گئے ہیں اور اسلحہ اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے ۔بیان کے مطابق رواں سال فروری میں جب آپریشن کا آغاز کیا گیا تو شوال کے علاقہ میں کوئی مواصلاتی انفراسٹرکچر موجود نہیں تھا پاک فوج نے دہشتگردوں کے مقابلے کے ساتھ ساتھ150کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر بھی کی ہے ۔پاک فوج کے ترجمان کے مطابق شوال کی چوٹیاں برف سے پوری طرح ڈھکی ہوئی ہیں اور پہاڑیوں پر حد نگاہ انتہائی کم ہے ۔

بیان میں بتایاگیا کہ شوال میں آپریشن کے آخری مرحلے کے دور ان 252دہشتگردوں کے مارے جانے اور160دہشتگرد شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔گزشتہ دو ماہ کے دور ان جرات مندی سے مقابلہ کرتے ہوئے آرمی کے 8فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا اور 39زخمی ہوئے ۔بیان میں کہاگیا کہ آپریشن کی وجہ سے عارضی بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی پر پیشرفت منصوبے کے مطابق جاری ہے شمالی وزیرستان ایجنسی میں 37012خاندان اپنے گھروں میں واپس آ چکے ہیں جو کہ بے گھر افراد کی مجموعی تعداد کا 36فیصد ہے جبکہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے دور ان مختلف نوعیت کے 94ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ تیسرے مرحلے میں 153منصوبوں پر کام جاری ہے ۔

بیان کے مطابق پہلے سے منظور شدہ ماسٹر پلان کی روشنی میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی طرف سے شمالی اور جنوبی وزیرستان یں انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :