پوسٹل سروسز میں 2 ارب 82 کروڑ کا نیا سکینڈل

پوسٹل انتظامیہ نے بنکوں کو 23 ارب 47 کروڑ ادا کئے جن میں 2 ارب 82 کروڑ غیر قانونی ہیں

اتوار 3 اپریل 2016 14:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 اپریل۔2016ء) پوسٹل سروسز میں 2 ارب 82 کروڑ روپے کرپشن کا ایک نیا سکینڈل سامنے آیا ہے نئے کرپشن سکینڈل کے مطابق پاکستان پوسٹ کے افسران نے کمرشل بنکوں سے لیا گیا اربوں روپے کے قرضوں کی ادائیگی میں 2 ارب 82 کروڑ 24 لاکھ 9 ہزار روپے سے زیادہ بنکوں کو فراہم کر دیئے۔ پاکستان پوسٹ کمرشل بنکوں کو مجموعی طور پر 25 ارب 47 کروڑ 49 لاکھ روپے کی ادائیگی کر چکی ہے جس میں 2 ارب 82 کروڑ روپے سے زائد ادا کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

آن لائن کو ملنے والی سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستان پوسٹ کے افسران نے اربوں روپے کی ادائیگی کے وقت وزارت خزانہ کو نہ بتایا اور نہ اعتماد میں لینے کی زحمت گوارا کی تھی۔دستاویزات کے مطابق یہ قرضے ڈیفنس سیونگ سرٹیفیکیٹ 13 ارب روپے کے خریدے گئے تھے جبکہ زائد ادائیگی 51 کروڑ کی گئی ہے جبکہ سپیشل سیونگ سرٹیفیکیٹ بھی 9 ارب روپے کے خریدے گئے تھے اصل اخراجات 11 ارب 29 کروڑ جبکہ زائد ادائیگی 2 ارب 29 کروڑ روپے کی گئی ہے جبکہ پوسٹ انتظامیہ نے سیونگ بنک میں ایک ایسا اکاؤنٹ بھی کھلوا رکھا ہے جس میں 65 کروڑ روپے دیپازٹ ہیں اس پر 25 ملین زائد ادا کئے ہیں ۔ پارلیمانی کمیٹی اس اہم سکینڈل کی بھی تحقیقات کرے گی ۔