گلشن اقبال پارک سانحہ کے بعد قوم کا دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کاعزم مزید پختہ ہوا ہے ‘ جہانگیر خانزادہ

انتہا پسندوں ،دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا‘رکن پنجاب اسمبلی کی گفتگو

اتوار 3 اپریل 2016 11:35

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 اپریل۔2016ء) کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کے صاحبزادے و رکن پنجاب اسمبلی جہانگیر خانزدہ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کے پاس دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ میں کامیابی کے سوا کوئی اور آپشن نہیں، گلشن اقبال پارک کا سانحہ بریریت اور سفاکیت کی انتہاء ہے لیکن اس واقعہ کے بعد پاکستانی قوم کا دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کاعزم مزید پختہ ہوا ہے ۔

اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا عزم ہے کہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو محفوظ پاکستان دے کر جانا ہے ،انتہا پسندوں ،دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج جرات و بہادری میں اپنا ثانی نہیں رکھتیں ، پوری قوم اس وقت اپنی افواج کی پشت پر کھڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میرے والد کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اپنی جان کا نذرانہ دے کر پورے خاندان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ،مجھے فوج کے افسر اورشہید کا بیٹا ہونے پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا انشا اﷲ وہ دن دور نہیں جب پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا ۔