مصطفےٰ کمال اور الطاف حسین ایک سکے کے دو رخ ہیں،سندھ نیشنل پارٹی

ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث سفاک درندوں کو کلین چٹ دینے کیلئے پاک سرزمین پارٹی کے سائے تلے نیا پلیٹ فارم مہیا کیا جارہا ہے،امیربھنبھرو

ہفتہ 2 اپریل 2016 21:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) سندھ نیشنل پارٹی کے سربراہ امیر بھنبھرو، وائس چیئرمین رمضان بلیدی اور مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر ڈاہری نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مصطفےٰ کمال اور الطاف حسین ایک سکے کے دو رخ ہیں، ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلرز، بھتہ خور اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث سفاک درندوں کو کلین چٹ دینے کیلئے پاک سرزمین پارٹی کے سائے تلے نیا پلیٹ فارم مہیا کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

مصطفےٰ کمال، انیس قائمخانی، رضا ہارون ودیگر 35 سالوں سے ایم کیو ایم میں رہتے ہوئے الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے ہر عمل میں برابر کے شریک رہے ہیں، الطاف حسین اور مصطفےٰ کمال شہر میں ہونے والے قتل عام، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، چائنہ کٹنگ، بوری بند لاشوں کی سیاست کرنے میں ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں، ایسے سفاک قاتلوں اور درندوں کو کیسے معاف کیا جاسکتا ہے؟ سندھ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے مزید کہا کہ 35 سالوں سے کراچی شہر کے امن کو خراب کرنے، شہر میں قتلام ، مخالفین کو قتل کروانا، ملک دشمن سرگرمیوں میں شامل ہونا، سندھ کو توڑنے والے غلیط منصوبوں کی ترغیب دینے میں الطاف حسین، مصطفےٰ کمال اور ان کے ساتھی برابر کے شریک رہے ہیں، اب ریاستی اداروں کی جانب سے کراچی آپریشن شروع کرنے کے بعد ان ظالموں کا مکروہ چہرہ عالمی دنیا اور قوم کے سامنے آچکا ہے، ایسے صورتحال میں ایم کیو ایم کے سفاک قاتلوں کو بچانے کیلئے پاک سرزمین پارٹی کے پلیٹ فارم کے ذریعے کلین چٹ دینے کی کوشش کی جارہی ہے، الطاف حسین اور مصطفےٰ کمال ایک سکے کے دو روپ ہیں ، ایس این پی کے مرکزی رہنماؤں نے مزید کہا کہ مصطفےٰ کمال اگر پاکیزہ اور صاف سیاست کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے وہ کئے گئے گناہوں کا تدارک کرنے کیلئے سندھی قوم سے معافی مانگے اور اپنے آپ کو قانون کے کٹہرے میں پیش کرے، رہنماؤں نے مزید کہا کہ اب دہشتگردوں اور ٹارگیٹ کلرز کے زور پر سیاست نہیں کی جائے گی، بندوق کے زور پر شہریوں کو یرغمال بنانے کا وقت گذر گیا، سندھ میں مزید دہشتگردی پھیلانے اور لسانی بنیاد پر سیاست کرنے والوں کا راستہ روکا جائے گا، ہم شہریوں کے قتلام میں ملوث دہشتگردوں کو کلین چٹ دینے کی صرف مخالفت ہی نہیں بلکہ سخت مزاحمت بھی کریں گے، سندھ کے لوگ اب کسی بھی قاتل، دہشتگرد گروہ کو اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔