ڈی سی او لاہور کی زیر صدارت اہم اجلاس

قبرستانوں میں غسل خانے اور وضو خانے ، سپورٹس، شادی بیاہ پر ون ڈش اور اوقات کار پر عمل در آمد، انسداد ڈینگی اور مناواں میں نئے ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے امور پر بریفنگ

ہفتہ 2 اپریل 2016 20:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 اپریل۔2016ء ) ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان کی زیر صدارت قبرستانوں میں غسل خانے اور وضو خانے ، سپورٹس، شادی بیاہ پر ون ڈش اور اوقات کار پر عمل در آمد، انسداد ڈینگی اور مناواں میں نئے ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے اہم اجلاس گزشتہ رو ز ٹاؤن ہال میں منعقد ہوئے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز،ٹی ایم اوز، ٹاؤن ایڈمنسٹریٹرز، ای ڈی او( ہیلتھ)اوردیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

قبرستانوں میں غسل خانے اور وضو خانے بنانے کے حوالے سے ٹی ایم اوز نے ڈی سی او لاہور کو بریفنگ دیتے ہو ئے کہا کہ منتخب شدہ قبرستانوں میں غسل خانے اور وضو خانے کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع کر دیا جائے گاجس پر ڈی سی او لاہور نے تمام ٹاؤن ایڈ منسٹریٹرز کو ہدایت دیتے ہو ئے کہا کہ وہ آئندہ ہفتہ تک منتخب شدہ قبر ستانوں میں غسل خانوں کی تعمیر کے عمل کو مکمل کریں اور ایڈ منسٹریٹرز و اسسٹنٹ کمشنرز اس کام کی خود نگرانی کریں۔

(جاری ہے)

اسطرح ٹاؤنز کی حدود میں موجود مختلف کھیلوں کے گراؤنڈز کی حالت زار اور نئے گراؤنڈز بنانے کے حوالے سے جگہوں کی تلاش و نشاندہی کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ٹی ایم ا وز کو کہا کہ وہ سوموار تک تمام پلے گراؤنڈز کو چیک کریں اور ڈی سی او آفس کو اس کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کریں اور ٹاؤن میں موجود ایسی جگہوں کی نشاندہی کریں جہاں پر کھیل کے گراؤنڈز بنائے جا سکیں۔

شادی بیاہ کی تقریبات پر ون ڈش اور اوقات کار پر عمل در آمد کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹاؤنز نے ون ڈش اور اوقات کار پر جو کارروائیاں کی ہیں ان کو بر قرار رکھا جائے۔ چند مقامات پر ون ڈش کی خلاف ورزی کی اطلاعات پر ڈی سی او لاہور نے سخت بر ہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹی ایم اوز پر یہ بات واضح کی کہ وہ نچلی سطح پر انفورسمنٹ کو یقینی بنائیں اور ایسے ملازمین کی نشاندہی کریں جوسُستی اور کاہلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ٹاؤن ایڈمنسٹریٹرز ، ٹی ایم اوز اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور سر ویلنس پرمامور سٹاف کو چیک کریں اور اب جو موسم جا رہا ہے اس میں ڈینگی کے لاروا کی افزائش ہو سکتی ہے لہذا تمام ٹاؤنز پوری قوت کے ساتھ انسداد ڈینگی مہم کی مانیٹرنگ کریں تاکہ پورا سال ڈینگی وائرس سے عوام الناس کو نقصانات نہ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ڈینگی ٹیموں کو چیک کرنے کے لئے فیلڈ کے وزٹ کریں گے۔ اسطرح مناواں میں نئے ہسپتال کی تعمیر کے لئے ای ڈی او( ہیلتھ) لاہور کو ہدایت کی کہ وہ جلدی سے اس پر کام شروع کروائیں۔

متعلقہ عنوان :