دوسرے مرحلے میں راوی ٹاؤن، نشتر ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن کے علاقوں میں ماڈل ریڑھیاں دینے کا فیصلہ

ہفتہ 2 اپریل 2016 19:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) کمشنر لاہورڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی ہدایت پر ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماڈل ریڑھیوں کے دوسرے مرحلے میں راوی ٹاؤن، نشتر ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن کے علاقوں میں ماڈل ریڑھیاں دی جائیں گی جس کے لیے ٹی ایم اوز نے پوائنٹس وضع کر لیے ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن لاہور ڈویژن عثمان خان خالد نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹی ایم ایز اپنی تصدیق شدہ ریڑھی بانوں کی فہرست آج کمشنر آفس بھیج دیں تاکہ وہ فہرست اخوت کو مزید تصدیق اور جانچ پڑتال کے لیے بھیجی جا سکے۔

انہوں نے تمام ٹی ایم اوز اور پنجاب فوڈ اتھارٹی لاہور کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے مینڈیٹ کے مطابق ماڈل ریڑھیوں اور فروخت ہونے والی غذا کی صفائی کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمشنر لاہور ڈویژن کی ہدایات کے مطابق ان ماڈل ریڑھیوں اور ان پر فروخت ہونے والی اشیائے خوردونوش کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق ہونا چاہیے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت نہیں ہونی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام ایڈمنسٹریٹر، ٹی ایم اوز اور پی ایف اے کے افسران روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ و مانیٹرنگ کو رپورٹ کریں گے۔ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن لاہور ڈویژن عثمان خان خالد کی ماڈل ریڑھیوں کے حوالے سے زیر صدارت اجلاس میں اے سی کینٹ، ایڈمنسٹریٹرز اور ٹی ایم اوز نے شرکت کی۔