اورکزئی ایجنسی ، کوئلے کے کان میں دھماکے سے 5مزدور جاں بحق، 6زخمی،کوہاٹ ہسپتال منتقل کر دیاگیا

مرنے والے 5مزدوروں کی نعشیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں

ہفتہ 2 اپریل 2016 18:52

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 اپریل۔2016ء)لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ ڈولی میں کوئلے کے کان میں گیس بھرنے سے دھماکہ 5مزدور جاں بحق 6زخمی ہوگئے ،مرنے اور زخمی ہونے والوں کا تعلق شانگلہ سوات سے ہے، حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم نے 6زخمیوں کو کوہاٹ ہسپتال منتقل کر دیا اور مرنے والے 5مزدوروں کو اپنے ابائی علاقوں شانگلہ سوات روانہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

یا د رہے کہ 15دن قبل اسی علاقے میں کوئلے کے کان میں دھماکے سے 7مزدور جاں بحق اور 38سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے ان کا تعلق بھی شانگلہ سے تھا اس سلسلے میں اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ لوئر اورکزئی ایجنسی عزیز اﷲ جان اور ریسکیو زرائع نے بتایا کہ لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ ڈولی میں گزشتہ ہفتے کے روز صبح10بجے الشیراز کول مائن کمپنی کے مائن نمبر 10میں گیس بھرنے کی وجہ سے دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کان کے اندر کام کرنے والے 11مزدوروں میں سے 5مزدور احسان الحق ولد محمد حسین ،سید عالم ولد ظاہر شاہ،امان اﷲ ولد مشترین ،رشید ولد متین خان ،حسین احمد ولد عمر خطاب ساکنان شانگلہ سوات موقع پر جان بحق ہو گئے جبکہ 6مزدور میر رحمان،نثار احمد ،محمد حیات،فضل معبود ،صاحبزادہ،خانی رحمان ساکنان شانگلہ سوات زخمی ہو گئے اسلسلے میں ریسیکیوانچار ج محمد روشن نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے کان کے اندر پھنسے زخمی اور مرنے والے تمام مزدوروں کو نکال کر ریسکیو اپریشن بند کر دیا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے 5مزدوروں کے لاشوں کو نکالا ہے اور 6مزدوروں کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے زخمیوں کو کوہاٹ ہسپتال اور مرنے والوں کو اپنے ابائی علاقوں شانگلہ روانہ کر دیا گیا یہ بات قابل ذکر ہے کہ آج سے 15روز قبل اسی علاقہ ڈولی میں الحسینی کول مائن کمپنی کے کان نمبر 3میں گیس دھماکے سے 7مزدور جاں بحق اور 38سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے اس کے بعد اس علاقے میں حکومت کی طرف سے ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی بنائی گئی تھی مگر اس کا نتیجہ ابھی تک سامنے نہ آ سکا اور کوئلے کے کانوں میں کام جاری تھا یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسی علاقہ ڈولی میں جو کہ قبائلی ایجنسی کے حدود میں اتا ہے ماہانہ عربوں روپے کوئلہ نکلتا ہے اور اس علاقے میں کربوں روپے کوئلے کا ذخیرہ موجود ہے مگر حکومت کی عدم توجہ اور سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے اب تک اس علاقے میں درجنوں حادثات پیش آئے ہیں جن میں سینکڑوں مزدور جان بحق اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں اگر حکومت اس علاقے کو توجہ دیں تو اس علاقے میں حادثات بھی کم ہو سکتے ہیں ملک کو اربوں روپے کا سالانہ منافع دیا جا سکتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ہزاروں مزدوروں کو رورگار بھی میسر ہو گا ۔