چیئرمین امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربارسینیٹر اسحاق ڈا ر کی زیر صدار ت داتا دربار پر سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کے حوالہ سے اجلاس

پولیس کی نفری کی مطلوبہ تعداد میں کمی کو جلد پورا کیا جانا چاہئے ،کیمروں کی تنصیب بارے بھی جلد اقدامات ہونے چاہئیں ‘ اسحاق ڈار

ہفتہ 2 اپریل 2016 18:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) دربار حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے مختلف جملہ امور و معاملات کا جائزہ لینے کیلئے ہفتہ کے روز یہاں ایوان وزیر اعلیٰ میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر و چیئر مین امور مذہبیہ کمیٹی کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ کی تقریب غسل مبارک، محفل سماء، داتا دربار پر سیکورٹی انتظامات، واسا کی جانب سے سیوریج سسٹم کی تنصیب سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔

اس موقع پر چیئرمین امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربار محمد اسحاق ڈا ر نے اجلاس میں ہدایت کی کہ داتا دربار میں پولیس کی نفری کی مطلوبہ تعداد میں کمی کو جلد پورا کیا جانا چاہئے اور کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے بھی جلد اقدامات ہونے چاہئیں تاکہ سکیورٹی کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے، انہوں نے ہدایت کی کہ دربار حضرت داتا گنج بخشؒ پر واسا کی جانب سے سیوریج سسٹم کی تنصیب کا کام جلد شروع کرنے کیلئے ٹینڈرز دیئے جائیں تاکہ سیوریج سسٹم کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیٹ نمبر 1 اور گیٹ نمبر 2 کے بالمقابل تجاوزات کا انخلاء بہت ضروری ہے جس کیلئے ضلعی انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔ اس موقع پر پولیس حکام کی طرف سے اجلاس کو داتا دربار پر سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے ا ور مطلوبہ پولیس نفری کی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ واسا حکام کی جانب سے اجلاس کو سیوریج سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے رواں ماہ ٹینڈر جاری کرنے اور اس کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین ٗ سابق آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمن ٗ ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک ٗ واسا حکام ٗ پولیس افسران ٗ ایم ڈی لاہور پارکنگ کمپنی ٗ ایڈمنسٹریٹر داتا دربار سہیل ضیاء بٹ سمیت ضلعی انتظامیہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :