باجوڑ چیمبر بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے موثر کردار ادا کرے گا،ذوالفقارعلی

خیبر پختونخوا چیمبر جس طرح صوبے کی بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کر رہا ہے اسی طرح باجوڑ چیمبر کی رہنمائی بھی کرتا رہے گا،صدر خیبرپختونخوا چیمبر

ہفتہ 2 اپریل 2016 18:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان نے ڈائریکٹریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشن کی جانب سے باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کے لئے لائسنس کے اجراء کو بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا ہے اور باجوڑ چیمبر کے صدر لالی شاہ کو خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر لالی شاہ نے کابینہ کے ہمراہ گذشتہ روز خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان سے چیمبر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیمبر کے سابق صدور غضنفر بلور ٗ ریاض ارشد ٗ زاہداﷲ شنواری ٗ ملک نیاز احمد ٗ چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر حاجی محمد افضل اور خان گل اعوان اور صدر گل سمیت صنعت و تجارت سے وابستہ ممبران بھی موجود تھے ۔

باجوڑ چیمبر کے صدر لالی شاہ نے چیمبر کے قیام اور ڈی جی ٹی او کی جانب سے لائسنس کے اجراء کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرنے پر بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور اور خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر الیاس احمد بلور حقیقی معنوں میں ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کے ہر دلعزیز لیڈر ہیں اور انہی کی کاوشوں کی وجہ سے باجوڑ جیسے پسماندہ علاقے کے لئے وزارت تجارت نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کی منظوری دی اور لائسنس جاری کیا ۔

انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر اور ممبران کوڈی جی ٹی او کی جانب سے باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کے لئے جاری کردہ لائسنس کی کاپی بھی پیش کی اور یقین ظاہر کیا کہ خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جس طرح پورے صوبے کی بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کر رہا ہے اسی طرح باجوڑ چیمبر کی رہنمائی بھی کرتا رہے گا ۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر لالی شاہ کو لائسنس کے اجراء پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور چیمبر کی ترقی اور باجوڑ کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے باجوڑ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مکمل تعاون کریں گے اور اس سلسلے میں ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :